0
Monday 24 Aug 2015 23:34
آخری دہشتگرد کے خاتمے تک آپریشن ضرب عضب جاری رکھنے پر اتفاق

ملک سے دہشتگردی کو ہر صورت جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے، جنرل راحیل شریف

کسی صورت دہشتگردوں کو دوبارہ سر اٹھانے نہیں دیا جائے گا
ملک سے دہشتگردی کو ہر صورت جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے، جنرل راحیل شریف
اسلام ٹائمز۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ دور دراز علاقوں سے بھی دہشت گردوں کا ہر صورت صفایا کیا جائے گا، ملک سے دہشت گردی کو ہر صورت جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے، پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ترجمان عاصم سلیم باجوہ کے مطابق پاک فضائیہ کے سربراہ سہیل امان نے جی ایچ کیو راولپنڈی کا دورہ کیا اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے ملاقات کی، جس میں آپریشن ضرب عضب، شمالی وزیرستان میں جاری دہشت گردوں کے خلاف فضائی اور زمینی آپریشن کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا، آرمی چیف نے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی میں پاک فضائیہ کے کردار کی تعریف کی اور کہا کہ کسی صورت دہشت گردوں کو دوبارہ سر اٹھانے نہیں دیا جائے گا۔ آرمی چیف نے کہا کہ دور دراز علاقوں میں چھپے دہشت گردوں کو کسی صورت نہیں چھوڑیں گے، دہشت گرد جہاں بھی چھپیں گے انہیں وہیں مار دیں گے۔ اس موقع پر ائیر چیف مارشل سہیل امان نے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے اپنی مکمل حمایت کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاک فضائیہ دہشت گردوں کے خاتمے کیلئے بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی۔ دونوں عسکری رہنماﺅں کے درمیان شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی مزید مربوط بنانے پر اتفاق کیا گیا ہے۔ دونوں سربراہوں نے آخری دہشت گرد کے خاتمے تک آپریشن ضرب عضب جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ اس موقع پر شوال میں جاری آپریشن پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے برطانوی بری فوج کے کمانڈر جنرل جیمز ایوررڈ نے بھی ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال اور مشترکہ تربیت اور تجربوں سے استفادہ کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ جیمز ایوررڈ نے دہشتگردی کے خاتمہ کے لئے پاکستان کی کوششوں کی تعریف کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق برطانوی بری فوج کے کمانڈر جنرل جیمز ایوررڈ نے جی ایچ کیو کا دورہ کیا اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے ملاقات کی۔ دریں اثناء پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ذکاءاللہ سے زیمبیا کی فضائیہ کے سربراہ نے ملاقات کی، جس میں پیشہ وارانہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دریں اثناء زیمبیا فضائیہ کے وفد نے ائیر کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل ایرک ایم واباچیمیز کی سربراہی میں ائیر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا۔ پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سہیل امان نے وفد کا استقبال کیا۔ پاک فضائیہ کے ایک چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔ معزز مہمان نے پاک فضائیہ کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لئے یاد گارِ شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔ بعدازاں ائیر کمانڈر زیمبیا ائیر فورس نے پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سہیل امان سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور پیشہ وارانہ دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل راحیل شریف کراچی پہنچ گئے ہیں۔ انہیں کراچی میں سکیورٹی کی صورتحال پر بریفنگ دی جائے گی۔ وہ آج کور ہیڈکوارٹرز کراچی کا دورہ کریں گے۔ فوجی افسروں اور جوانوں سے خطاب کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 481849
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش