QR CodeQR Code

مبارک، مبارک کی صدائیں لگاتے ہوئے تین ملزم سپریم کورٹ سے فرار

25 Aug 2015 13:12

اسلام ٹائمز: ڈکیتی اور اغوا کے تینوں ملزمان کی عبوری ضمانت سپریم کورٹ رجسٹری، لاہور نے خارج کی، ملزم کمرہ عدالت سے مبارک مبارک کی آوازیں لگاتے ہوئے برآمد ہوئے، اور پولیس کے سامنے سے گزر کر باآسانی عدالت سے فرار ہوگئے۔


اسلام ٹائمز۔ سپریم کورٹ سے ڈکیتی اور اغوا کے تین ملزم عبوری ضمانت خارج ہونے کے باوجود پولیس کی موجودگی میں فرار ہو گئے۔ سپریم کورٹ رجسٹری لاہور میں سکیورٹی انتظامات انتہائی سخت ہونے کے ساتھ سادہ کپڑوں میں ملبوس اہلکار بھی تعینات ہوتے ہیں، لیکن تین رکنی فل بینچ نے ڈکیتی اور اغوا کے 3 ملزموں کی عبوری مسترد کی، تو پولیس اہلکاروں نے انہیں گرفتار کرنے کی زحمت تک نہیں کی، ملزمان کمرہ عدالت سے مبارک، مبارک کی آوازیں لگاتے ہوئے برآمد ہوئے، اور ایسا تاثر دیا، کہ جیسے ان کی ضمانت کی درخواست منظور ہوچکی ہے۔ تینوں ملزمان ہنستے، مسکراتے پولیس اہلکاروں کے سامنے سے گزرے اور باآسانی احاطہ عدالت سے فرار ہوگئے، جبکہ پولیس اہلکار منہ دیکھتے ہی رہ گئے۔ تینوں ملزمان کے خلاف ضلع بھکر کی پولیس نے ڈکیتی اور اغوا کے مقدمات درج کر رکھے تھے۔ ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ رجسٹری لاہور کے فل بینچ نے ضمانت کی درخواست کا فیصلہ انگریزی میں سنایا، جس کو ملزمان نے تو سمجھ لیا، البتہ پولیس اہلکار عدالتی حکم کو سمجھ ہی نہیں سکے، اور ملزمان کے تاثرات سے دھوکہ کھا گئے۔


خبر کا کوڈ: 481874

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/481874/مبارک-کی-صدائیں-لگاتے-ہوئے-تین-ملزم-سپریم-کورٹ-سے-فرار

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org