QR CodeQR Code

حکومت کے ساتھ مفاہمتی پالیسی ختم کر دی جائے، پی پی قیادت

30 Aug 2015 09:14

اسلام ٹائمز: بلاول ہاؤس کے باہر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے منظور وٹو کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کی تمام تنظیموں نے حکومت کے ساتھ مفاہمتی پالیسی کو ختم کرنے کی سفارش کی ہے جس پر حتمی فیصلہ پارٹی کے چیئرمین اور شریک چیئرمین جلد کریں گے۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی نے حکومت کے ساتھ مفاہمتی پالیسی کے خاتمے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے، اس سے بلدیاتی انتخابات میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ نہیں کی جائے گی، لاہور اور لودھراں کے ضمنی انتخابات میں پیپلز پارٹی مشروط حصہ لے گی، پہلے الیکشن کمیشن کے 4 صوبائی ممبران کے استعفے ضروری ہیں۔ پنجاب کے بلدیاتی انتخابات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں گے، (ن) لیگ کے علاوہ باقی تمام جماعتوں کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے امکانات موجود ہیں۔ ان خیالات کا اظہار ہفتہ کو پیپلز پارٹی کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمن، سابق گورنر پنجاب لطیف کھوسہ اور پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر میاں منظور وٹو نے یہاں بلاول ہاؤس کے باہر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ شیری رحمن نے کہا کہ پیپلز پارٹی پنجاب کے لوکل باڈیز الیکشن میں میدان کھلا نہیں چھوڑے گی، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اس حوالے سے پنجاب بھر کے ڈسٹرکٹ عہدیداروں کو تیاریاں کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔ لطیف کھوسہ نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 218 کی شق 3 کے تحت الیکشن کمیشن صاف شفاف الیکشن کروانے کا ذمہ دار ہے۔ میاں منظور وٹو نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی تمام تنظیموں نے حکومت کے ساتھ مفاہمتی پالیسی کو ختم کرنے کی سفارش کی ہے جس پر حتمی فیصلہ پارٹی کے چیئرمین اور شریک چیئرمین جلد کریں گے۔


خبر کا کوڈ: 482839

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/482839/حکومت-کے-ساتھ-مفاہمتی-پالیسی-ختم-کر-دی-جائے-پی-قیادت

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org