QR CodeQR Code

آئینی حقوق کی جنگ میں عوام وکلاء کا ساتھ دیں، سید جعفر شاہ

31 Aug 2015 21:25

اسلام ٹائمز: پی پی پی گلگت بلتستان کے سابق صدر نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ وکلاء برادری نے آئینی حقوق کے حصول کیلئے مثبت قدم اٹھایا ہے اس صورت حال میں ہماری ذمہ داری بنتی ہے کہ ہم وکلاء برادری سے بھرپور تعاون کریں۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کے سابق صدر جسٹس (ر) سید جعفر شاہ نے کہا ہے کہ وکلاء تنظیموں کی جانب سے گلگت بلتستان کے آئینی حقوق کے حصول کیلئے تحریک شروع کرنے کا جو اعلان کیا ہے وہ گلگت بلتستان کے عوام کے دل کی آواز ہے ہم وکلاء تنظیموں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور سیاسی و مذہبی جماعتوں کے قائدین سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ کلاء برادری کی جانب سے آئینی حقوق کے حصول کیلئے شروع کی جانے والی تحریک میں ہر اول دستے کا کردار ادا کریں۔ انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ اٹھاسٹھ برسوں سے ہمارے ساتھ زیادتی اور نانصافی ہو رہی ہے اور مختلف حیلے اور بہانوں سے گلگت بلتستان کے عوام کو آئینی و جمہوری حقوق سے محروم رکھا ہے اب وکلاء برادری نے آئینی حقوق کے حصول کا بیڑا اٹھایا ہے تو ہماری ذمہ داری بنتی ہے کہ ہم ان کا ساتھ دیں اور ان کے شانہ بشانہ چلیں۔ انہوں نے کہا کہ وکلاء برادری معاشرے کا باشعور اور سمجھ دار طبقہ ہے اگر وکلاء برادری منظم ہو کے اتحاد کی قوت کے ساتھ آئینی حقوق کی تحریک شروع کریں اور گلگت بلتستان کے عوام وکلاء برادری کا بھرپور ساتھ دیں تو آئینی حقوق کا حصول ناممکن نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ وکلاء برادری نے آئینی حقوق کے حصول کیلئے مثبت قدم اٹھایا ہے اس صورت حال میں ہماری ذمہ داری بنتی ہے کہ ہم وکلاء برادری سے بھرپور تعاون کریں۔


خبر کا کوڈ: 483195

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/483195/آئینی-حقوق-کی-جنگ-میں-عوام-وکلاء-کا-ساتھ-دیں-سید-جعفر-شاہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org