0
Monday 31 Aug 2015 21:44

مذہبی جماعتوں کا اتحاد نظام مصطفیﷺ کی راہ ہموار کرے گا، اعجاز ہاشمی

مذہبی جماعتوں کا اتحاد نظام مصطفیﷺ کی راہ ہموار کرے گا، اعجاز ہاشمی
اسلام ٹائمز۔ جمعیت علما پاکستان کے مرکزی صدر پیر اعجاز احمد ہاشمی نے پنجاب کی سطح پر چار دینی جماعتوں کے درمیان بلدیاتی انتخابات پر اتحاد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے سندھ کی سطح پر بھی اسی طرح کا اتحاد قائم کرنا چاہتے ہیں تاکہ سیکولر جماعتوں کے مقابلے میں دینی قوتوں کا ووٹ بینک ضائع نہ ہو۔ لاہور میں کارکنوں سے اپنی رہائش گاہ پر ملاقات کرتے ہوئے پیر اعجاز ہاشمی نے کہا کہ مذہبی جماعتوں کا اتحاد نظام مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہٰ وسلم کے لئے راہ ہموار کرے گا، جماعت اسلامی، جمعیت علما اسلام اور اسلامی تحریک کے ساتھ جمعیت علما پاکستان کی ماضی میں بھی ہمکاری رہی ہے، مزید جماعتوں کو بھی اس اتحاد میں شامل کریں گے تاکہ متحدہ مجلس عمل جیسے وسیع تر اتحاد کے امکانا ت روشن ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت کے لئے سیاسی کارکنوں نے بڑی قربانیاں دی ہیں، اسے جاری رہنا چاہیے، الیکشن کمشن آزاد اور خود مختار صرف کہنے میں نہیں عملی طور پر بھی نظر آنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ مئی 2013ء کی کافی حد تک خامیاں سامنے آ چکی ہیں، اب ضرورت اس امر کی ہے کہ انتخابی اصلاحات پر تمام جماعتوں کو اعتماد میں لیا جائے چاہے وہ پارلیمنٹ میں موجود ہیں یا نہیں۔ پیر اعجاز ہاشمی نے کہا کہ بھارت نے ہمیشہ پاکستان کو نقصان پہنچایا ہے مگر افسوس تو یہ ہے کہ  ہمسایہ اسلامی ممالک بھی خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں، او آئی سی نے بھی چپ سادھ رکھی ہے، جس کی وجہ سے وہ اپنی افادیت کھو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوری نظام کی مضبوطی کے لئے ضروری ہے کہ تمام ادارے اپنی آئینی حدود میں کام کریں جبکہ سیاستدان اور اراکین پارلیمنٹ دوسروں کے لئے نمو نہ عمل بنتے ہوئے اقربا پروری کی بجائے کارکنوں کو بھی موقع دیں۔ اس سے پارٹیوں پر سے خاندانی اجارہ داریاں ختم ہوں گی۔
خبر کا کوڈ : 483200
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش