0
Tuesday 1 Sep 2015 23:19
پاکستان کی سلامتی و بقا دہشتگردی کے خاتمے سے مشروط ہے

سیاسی جماعتوں کے مابین نزاعی صورتحال دہشتگردی کیخلاف اجتماعی کوششوں کیلئے نقصان دہ ہے، علامہ ناصر عباس

سیاسی جماعتوں کے مابین نزاعی صورتحال دہشتگردی کیخلاف اجتماعی کوششوں کیلئے نقصان دہ ہے، علامہ ناصر عباس
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ ملک کو دہشت گردی جیسی لعنت سے چھٹکارا دلانے کے لئے سیاسی قوتوں کو افہام و تفہیم کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ پاکستان کی سلامتی و بقا دہشت گردی کے خاتمے سے مشروط ہے۔ حکومت سمیت تمام سیاسی جماعتوں کو ملک میں امن و امان کے حقیقی قیام کے لئے یکساں کوششوں کی ضرورت ہے۔ دہشت گردی کے خلاف جاری فوجی آپریشن قومی ضرورت اور عوام کی امنگوں کا عکاس ہے۔ اس سلسلے میں پاک فوج کے اقدامات کی حمایت نہ کرنا حب الوطنی کے منافی ہے۔ دہشت گرد اور کرپٹ عناصر کے خلاف افواج پاک کی بلاتخصیص کارروائی قانون و انصاف کی بالادستی کا عملی اظہار ہے، جسے دنیا بھر میں سراہا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت دہشت گردی کے خلاف جاری آپریشن میں بیلنس کی پالیسی اختیار کرکے بےگناہ افراد کو ہراساں کر رہی ہے، جو نیشنل ایکشن پلان کو نقصان پہنچانے کی دانستہ کوشش ہے۔ پنجاب حکومت اپنی صفوں سے دہشت گردوں کی پشت پناہی کرنے اور تفرقہ پھیلانے والے عناصر کو باہر نکالیں۔ ملک اس وقت تاریخ کے نازک ترین دور سے گزر رہا ہے، ایسی صورتحال میں قومی سلامتی کو مقدم رکھنے کی ضرورت ہے۔ سیاسی جماعتوں کے مابین نزاعی صورتحال دہشت گردی کے خلاف اجتماعی کوششوں کے لئے نقصان دہ ہے۔ وطن عزیز کی سلامتی و استحکام کے لئے افواج پاک داخلی و خارجی محاذوں پر پوری جرات سے برسرپیکار ہے۔ یہ وقت باہمی جھگڑوں سے نکل کر ملک دشمن قوتوں کے خلاف باہم ہونے کا ہے۔ انہوں نے کہا امریکہ کی طرف سے ڈومور کا مطالبہ دہشت گردی کے خلاف جاری کوششوں کو متاثر کرنے کی سازش ہے۔ پاک فوج کو کسی غیر ملکی ڈکٹیشن کی ضرورت نہیں اور وہ دہشت گردی کے مراکز کے خاتمے میں بہترین نتائج حاصل کر رہی ہے۔
خبر کا کوڈ : 483425
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش