QR CodeQR Code

کوئٹہ، تاجر برادری کی ود ہولڈنگ ٹیکس کیخلاف ریلی اور احتجاجی مظاہرہ

3 Sep 2015 10:37

اسلام ٹائمز: باچا خان چوک پر احتجاجی مظاہرے سے خطاب میں مقررین کا کہنا تھا کہ دنیا کے کسی ملک میں ٹرانزکشن پر ٹیکس عائد نہیں، مگر یہ پاکستان واحد ایسا ملک ہے، جہاں امانت پیسوں پر بھی ٹیکس عائد کرکے بینکنگ کے شعبے کو تباہی کے دہانے پر پہنچایا گیا۔


اسلام ٹائمز۔ انجمن تاجران بلوچستان رجسٹرڈ کے زیر اہتمام سپریم کونسل آل پاکستان انجمن تاجران کے ود ہولڈنگ ٹیکس کے خلاف اعلان کردہ یوم احتجاج کے موقع پر کوئٹہ باچا خان چوک سے ایک بڑی احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ جو مختلف شاہراہوں سے ہوتی ہوئی پریس کلب کوئٹہ پہنچ کر احتجاجی جلسے میں تبدیل ہوگئی۔ جلسے سے انجمن تاجران کے صدر عبدالرحیم کاکڑ، حضرت علی اچکزئی، اللہ داد ترین، تاج آغا اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ الزام غلط ہے کہ تاجر ٹیکس چور ہیں۔ تاجر ٹیکس دینا چاہتے ہیں، مگر ایف بی آر کے رشوت خور افسران کے پیچیدہ طریقوں کی وجہ سے ہم اگر دس ہزار روپے ٹیکس ادا کرتے تو 50 ہزار روپے وکیل کو دینا پڑتا ہے۔ ہم ٹیکس کے خلاف نہیں، ٹیکس کے غلط طریقہ کار کیخلاف ایف بی آر ٹیکس گزاروں پر اضافہ کرنے کی بجائے ٹیکسیز میں اضافہ کرکے ٹیکس دینے والوں کے لئے مشکلات بڑھا رہے ہیں۔ جس کی زندہ مثال ناروا ظالمانہ ود ہولڈنگ ٹیکس ہے۔ دنیا کے کسی ملک میں ٹرانزکشن پر ٹیکس عائد نہیں۔ مگر پاکستان واحد ایسا ملک ہے، جہاں امانت پیسوں پر بھی ٹیکس عائد کرکے نہ صرف بینکنگ کے شعبے کو تباہی کے دہانے پر پہنچایا گیا، بلکہ لوگوں نے بینکوں میں پیسے رکھنے بجائے ڈالر، سونا اور پرائز بانڈ رکھنا شروع کر دیئے ہیں۔ رقوم کی منتقلی کیلئے غیر قانونی طریقے اپنانا شروع کر دیئے جو کسی طرح بھی ملکی مفاد میں نہیں۔ مقررین نے مزید کہا کہ پہلے حکومت نے تاجروں کی تقسیم کا فائدہ اٹھایا، مگر اب ملک بھر کے تاجر متحد ہیں۔ چار ستمبر کو پورے ملک میں ایک دن کیلئے بنکوں سے لین دین کا مکمل بائیکاٹ کرکے احتجاج ریکارڈ کرائیں گے اور 7 اکتوبر کو پورے ملک میں شٹرڈاون ہڑتال کی جائیگیء اور یہ کالا قانون واپس لینے تک حکومت سے کسی قسم کے مذاکرات نہیں کئے جائینگے، کیونکہ ہمیں ود ہولڈنگ ٹیکس پر کوئی سودے بازی نہیں کرنی۔ بلکہ ہم اس کا فوری خاتمہ چاہتے ہیں۔ اگر حکومت نے ہمارے احتجاج پر کان نہ دھرا تو ہڑتالوں، مظاہروں اور جلسوں کا نہ ختم ہونے والا سلسلہ شروع کرینگے۔ مقررین نے ود ہولڈنگ ٹیکس کے خلاف زبردست نعرے بازی کی۔


خبر کا کوڈ: 483710

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/483710/کوئٹہ-تاجر-برادری-کی-ود-ہولڈنگ-ٹیکس-کیخلاف-ریلی-اور-احتجاجی-مظاہرہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org