0
Saturday 5 Sep 2015 10:37

کراچی الگ صوبہ نہیں بن سکتا، زرداری نے پیپلز پارٹی کو آمر سے زیادہ نقصان پہنچایا، عمران خان

کراچی الگ صوبہ نہیں بن سکتا، زرداری نے پیپلز پارٹی کو آمر سے زیادہ نقصان پہنچایا، عمران خان
اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ الطاف حسین اور آصف زرداری عوام کو تقسیم کرکے حکومت کر رہے ہیں، سندھ کے دونوں بڑ ے لیڈر ملک سے باہر بیٹھے ہیں اور یہاں کے ہاری جانوروں کی طرح زندگی گزار رہے ہیں، نہ تو کراچی صوبہ بن سکتا ہے، اور نہ ہی صوبہ بنانے سے سندھ کی عوام خوشحالی کی زندگی گزار سکتے ہیں، آصف علی زرداری نے سندھ اور بھٹو کی پیپلز پارٹی کو آمر سے زیادہ نقصان پہنچایا، پی پی کا مسقبل تاریک دیکھ رہا ہوں، سندھ کو کرپشن سے پاک نیا سندھ بنائیں گئے، پی ٹی آئی سندھ میں ذوالفقار علی بھٹو جیسا کام کرنے آ رہی ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں اندرون سندھ کے دورہ کے موقع پر ڈہرکی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ہے۔

عمران خان نے کہا ہے کہ اندرون سندھ کی عوام غلاموں سے بدتر زندگی گزار رہے ہیں، اور بے بس ہیں، انکے اختیار میں کچھ نہیں، اندرون سندھ جیسی غربت پورے پاکستان میں نہیں ہے، سندھ میں غربت کی وجہ صرف کرپشن ہے، جسکی کی وجہ سے یہاں کا مظلوم پس رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی الگ صوبہ نہیں بن سکتا، اور اس کو سندھ سے الگ نہیں کر سکتے، نہ ہی صوبہ بنانے سے سندھ کی عوام خوشحالی کی زندگی گزار سکتے ہیں۔ چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ الطاف حسین اور آصف زرداری عوام کو تقسیم کرکے حکومت کر رہے ہیں، لوگوں کو زبان کی بنیاد پر تقسیم کیا گیا، اسی نفرت کی بنیاد پر الطاف حسین اور آصف زرداری نے ووٹ لئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اب کے رینجرز نے کرپشن کے خلاف سندھ میں جہاد شروع کیا، اب لوگ خوش ہو رہے ہیں، اگر آصف علی زرداری اپنی حکومت بچانے کے لئے کرپٹ افراد کو کھلی چھٹی نہ دیتے، تو آج اندرون سندھ کے یہ حالات نہ ہوتے۔

چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ ملک میں کرپشن کے عروج کی وجہ آصف علی زرداری ہیں، انہوں نے اپنے دور میں نواز شریف کے کرپشن کے کیسز نہیں کھولے، لیکن نواز شریف اپنی وعدہ خلافی کرنے کی روش کو برقرار رکھتے ہوئے انکے کیسز کے پیچھے پڑھ گئے ہیں، لیکن مجھے یقین ہے نواز شریف آصف علی زرداری کو گرفتار نہیں کریں گے، کیونکہ دونوں نے کرپشن کے لئے مک مکا کر رکھا ہے، 2013ء کے عام انتخابات میں دونوں پنجاب میں پی ٹی آئی کے خلاف مک مکا کیا۔ عمران خان نے کہا ہے اب نواز زرداری مک مکا زیاد دیر نہیں چل سکتا، کیونکہ اب کے رینجرز آپریشن سے کراچی کے حلات بدل رہے ہیں، اور خوف کی فضاء ختم ہو رہی ہے، آئندہ الیکشن میں تحریک انصاف صوبے میں بھرپور مقابلہ کرے گی، اور سندھ کی عوام کرپشن ٹارگٹ کلنگ کے خلاف پی ٹی آئی کو ووٹ دیں، سندھ کی عوام باشعور ہے اور وہ کرپٹ افراد کو پہچان چکے ہیں، اب وہ تبدیلی اور نیا سندھ چاہتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 484032
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش