0
Saturday 5 Sep 2015 18:16

شہدائے 6 ستمبر کی شجاعت ناقابل یقین اور بے نظیر ہے، تہور حیدری

شہدائے 6 ستمبر کی شجاعت ناقابل یقین اور بے نظیر ہے، تہور حیدری
اسلام ٹائمز۔ امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر تہور حیدری نے یوم دفاع 6 ستمبر کے حوالے سے تنظیم کے مرکزی دفتر لاہور میں کارکنان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 6 ستمبر ہمیں اس دن کی یاد دلاتا ہے، جب پاکستان کی سرحدوں کے غیور اور بہادر محافظ جوانوں نے اپنا نام شہیدوں کی فہرست میں رقم کروایا، ان کی شجاعت ناقابل یقین اور بے نظیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ 6 ستمبر یوم دفاع جہاں ہماری خوشی کا موقع ہے، وہیں دشمن کی نابودی کا اعلان بھی ہے، کہ اگر کسی نے بھی اس سرزمین پاکستان کی جانب میلی آنکھ سے دیکھا تو وہ نکال دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کے محافظ فرزندان وطن امامیہ نوجوان کسی بھی جارحیت کی صورت میں اپنا تن من دھن وار دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آج ضرورت اس امر کی ہے کہ اپنے اندر موجود دشمن کی شناخت کریں، جو ثقافتی یلغار کی مدد سے ہماری نوجوان نسل کو اسلام اور وطن سے دور کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پوری پاکستان قوم کو یکجا ہو کر دہشت گردوں، انتہا پسندوں اور پاکستان کے خلاف سازشیں کرنے والوں کو بے نقاب کرکے داخلی طور پر پاکستان کے استحکام کو مضبوط سے مضبوط تر بنانا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ وطن عزیز پاکستان کو اندرونی و بیرونی طور پر بہت سارے چیلنجز کا سامنا ہے، فرقہ واریت، لسانیت پرستی، کرپشن، اقربا پروری، بیرونی دبائو اور دہشت گردی جیسے سخت چیلنجز کا مقابلہ کرنا اگرچہ بہت دشوار ہے، لیکن ایمانی جذبہ کے ساتھ جہد پیہم ہی وہ واحد راستہ ہے، جس کے ذریعے ہم وطن عزیز کو ان مشکلات سے چھٹکارا دلا سکتے ہیں۔ مرکزی صدر نے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملکی بقا اور سلامتی کیلئے 6 ستمبر کا جذبہ اجاگر کرنا ہوگا، شہید یاسر، شہید اعتزاز اور شہید عزیز بھٹی جیسے جری و بہادر جوان جب تک پاکستان کی سرزمین پر موجود ہیں، اس ملک کو کوئی بیرونی یا اندرونی دشمن نقصان نہیں پہنچا سکتا۔ انہوں نے آئی ایس او پاکستان کے نصب العین کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ آئی ایس او پاکستان کے ممبران ملک کی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کے محافظ ہیں، ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لئے قوم کو آج اسی اتحاد اور جذبے کی ضرورت ہے، جس کا مظاہرہ اس نے ستمبر 1965ء کی جنگ کے دوران کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ستمبر کی جنگ میں پاکستانی افواج کے جوانوں اور افسروں نے دفاع وطن کیلئے جو قربانیاں دیں وہ تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
خبر کا کوڈ : 484149
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش