QR CodeQR Code

سندھ میں مفاہمتی سیاست پاش پاش، زرداری کا الطاف حسین کی زبان کیخلاف سخت بیان

6 Sep 2015 01:14

اسلام ٹائمز: متحدہ قائد الطاف حسین کی گزشتہ روز کی تقریر پر تبصرہ کرتے ہوئے آصف زرداری نے کہا کہ روز روز کی بہتان تراشی اور غیر سنجیدہ جملے بازی الطاف حسین کو زیب نہیں دیتی، اور ان کی منفی سیاست ایم کیو ایم کیلئے بھی نقصان دہ ہوگی، ایم کیو ایم نے پیپلز پارٹی کے ساتھ وعدہ خلافی کی اور دھوکہ دیا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کی گزشتہ روز کی تقریر پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ روز روز کی بہتان تراشی اور غیر سنجیدہ جملے بازی الطاف حسین کو زیب نہیں دیتی، اور ان کی منفی سیاست ایم کیو ایم کیلئے بھی نقصان دہ ہوگی۔ سابق صدر آصف زرداری کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ ایم کیو ایم کے ساتھ کئے گئے وعدوں کی پاسداری کی ہے، وفاقی حکومت ہو یا سندھ حکومت ہم نے سب کو ساتھ لے کر چلنے کی کوشش کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایم کیو ایم نے پیپلز پارٹی کے ساتھ وعدہ خلافی کی اور دھوکہ دیا ہے، ہم نے ایم کیو ایم کے ساتھ مذاکرات میں ہمیشہ 2 شرائط رکھی ہیں، ایک یہ کہ سندھ کی تقسیم پر کوئی بات نہیں ہوگی، اور دوسری یہ کہ کراچی کو پُرامن شہر بنانے کے لئے تعاون کیا جائے، ہمارا مؤقف آج بھی بڑا واضح ہے کہ پیپلز پارٹی سندھ کو کسی صورت تقسیم نہیں ہونے دے گی۔ سابق صدر مملکت نے کہا کہ الطاف حسین کی منفی سیاست خود ایم کیو ایم کیلئے بھی نقصان دہ ہوگی، ایم کیو ایم قومی دھارے میں شامل ہو کر پاکستان اور سندھ کی ترقی و خوشحالی کیلئے کام کرے۔ آصف علی زرداری نے الطاف حسین کو مشورہ دیا کہ وہ آئے روز غیر ضروری گفتگو اور تقاریر سے پرہیز کریں۔


خبر کا کوڈ: 484212

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/484212/سندھ-میں-مفاہمتی-سیاست-پاش-زرداری-کا-الطاف-حسین-کی-زبان-کیخلاف-سخت-بیان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org