QR CodeQR Code

لاہور، یوم دفاع کی مرکزی تقریب فورٹریس سٹیڈیم میں ہوئی، شہریوں کی بھرپور شرکت

6 Sep 2015 18:37

اسلام ٹائمز:تقریب میں مشاق طیاروں کی جانب سے فلائی پاسٹ سے سلامی، آرمی کمانڈوز کی جانب سے دہشت گردی کا مقابلے کا مظاہرہ، رینجرز ریڈ بفرز بینڈ کی ڈرل، رینجرز اور ایچی سن کالج کے گھڑ سواروں کی جانب سے نیزہ بازی، ایس ایس جی گروپ کی جانب سے دس ہزار فٹ سے فری فال کا مظاہرہ اور آرمی کے خصوصی افسران و جوانوں پر مشتمل فٹ بال ٹیم کا نمائشی میچ بھی کھیلا گیا۔


اسلام ٹائمز۔ پچاسویں یوم دفاع کے موقع پر فورٹریس سٹیڈیم میں پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ مشاق طیاروں کا فلائی پاسٹ، رینجرز ریڈ بینڈ کی شاندار پرفارمنس، انیس سو پینسٹھ کی جنگ میں شامل رانی اور شیرنی توپوں کی سلامی سمیت خون کو گرما دینے والے مظاہرے کئے گئے جبکہ کور کمانڈر لاہور، ڈی جی رینجرز پنجاب اور جی او سی گیارہ ڈویژن نے اہلخانہ کے ہمراہ خصوصی شرکت کی۔ فورٹریس سٹیڈیم میں یوم دفاع کی گولڈن جوبلی تقریب کے مہمان خصوصی کور کمانڈر لاہور لیفٹنٹ جنرل نوید زمان تھے جبکہ اس موقع پر جی او سی گیارہ ڈویژن میجر جنرل فدا حسین ملک، ڈی جی رینجرز پنجاب میجر جنرل عمر فاروق برکی، چیف آف سٹاف فور کور بریگیڈئیر محمد فیاض سمیت اعلی فوجی حکام، افسران و جوان اور شہریوں کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔ فورٹریس سٹیڈیم میں تقریب شروع ہونے سے قبل ہی پنڈال کھچا کھچ بھر گیا۔ دونوں ٹانگوں سے محروم غازی سپاہی محمد عمران نے قومی پرچم اٹھا کر مہمان خصوصی سے اجازت مانگی جس کےبعد آرمی پبلک سکول کے طلباء نے قومی ترانہ پڑھا۔

تقریب میں مشاق طیاروں کی جانب سے فلائی پاسٹ سے سلامی، آرمی کمانڈوز کی جانب سے دہشت گردی کا مقابلے کا مظاہرہ، رینجرز ریڈ بفرز بینڈ کی ڈرل، رینجرز اور ایچی سن کالج کے گھڑ سواروں کی جانب سے نیزہ بازی، ایس ایس جی گروپ کی جانب سے دس ہزار فٹ سے فری فال کا مظاہرہ اور آرمی کے خصوصی افسران و جوانوں پر مشتمل فٹ بال ٹیم کا نمائشی میچ بھی کھیلا گیا۔ تقریب میں 1965 کی جنگ میں دشمن کو ناکوں چنے چبوانے والی پاکستانی توپوں رانی اور شیرنی کی جانب سے گولے فائر کئے گئے۔ تقریب کے شرکاء کا کہنا تھا کہ ان کا جذبہ آج بھی جوان ہے اور وہ پاک فوج کی سربلندی کے لئے ہمیشہ دعاگو ہیں۔ تقریب کے مہمان خصوصی کور کمانڈر لاہور لیفنٹنٹ جنرل نوید زمان نے ایس ایس جی کمانڈوز سے قومی پرچم وصول کیا اور اسے فرط جذبات میں بوسہ دیا۔ شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کور کمانڈر لاہور کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کو منطقی انجام تک ہر صورت پہنچائیں گے۔ اے پی ایس کے طلبہ نے ملی و جنگی نغمے گنگنائے جس کے بعد تقریب کے اختتام پر جنگی ساز و سامان کی نمائش عوام کے لئے کھول دی گئی۔ یوم دفاع کی گولڈن جوبلی تقریب میں لاہوریوں کی کثیر تعداد میں شرکت اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ آج بھی بھارت کے جنگی جنون کا منہ توڑ جواب دینے کے لئے فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 484360

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/484360/لاہور-یوم-دفاع-کی-مرکزی-تقریب-فورٹریس-سٹیڈیم-میں-ہوئی-شہریوں-بھرپور-شرکت

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org