0
Tuesday 8 Sep 2015 22:55

جے یو پی نے بلدیاتی الیکشن 2 ماہ کیلئے ملتوی کرنے کا مطالبہ کر دیا

جے یو پی نے بلدیاتی الیکشن 2 ماہ کیلئے ملتوی کرنے کا مطالبہ کر دیا
اسلام ٹائمز۔ جمعیت علما پاکستان کے مرکزی صدر پیر اعجاز ہاشمی نے بلدیاتی انتخابات 2 ماہ کے لئے ملتوی کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے ذوالحجہ کے دوران حج پر حجاز مقدس گئے ہوئے پاکستانی اپنا حق رائے دہی استعمال نہیں کر سکیں گے یا جو امیدوار بننا چاہتا ہے و ہ اپنے کاغذات نامزدگی جمع کروا سکتے ہیں اور نہ ہی انتخابی مہم چلا سکتے ہیں۔ محرم الحرام کے دوران جلوسوں اور مجالس میں لوگ مصروف ہوتے ہیں جب کہ ان دنوں میں امن و امان کے حوالے سے ضلعی انتظامیہ کی سرگرمیاں حساس ہوتی ہیں، وہ توجہ نہیں دے سکیں گے۔ لاہور میں جے یو پی کے متوقع بلدیاتی امیدواروں سے گفتگو کرتے ہوئے پیر اعجاز ہاشمی نے کہا کہ تمام جماعتیں انتخابات کے تینوں مراحل کے لئے تیاریاں کر رہی ہیں لیکن اس طرف توجہ دینے کی ضرورت ہے کہ حج اور محرم الحرام کے دوران انتخابی مہم نہیں چلائی جا سکتی، لاکھوں کی تعداد میں سندھ اور پنجاب سے لوگ حج پر گئے ہوئے ہیں جبکہ ملک کی آبادی کا ایک حصہ محرم الحرام کے دوران مجالس اور جلوسوں میں مصروف ہوتا ہے اس لئے یہ کسی صورت مناسب نہیں ہو گا کہ انتخابی مہم چلائی جائے۔ اس لئے جمعیت علما پاکستان مطالبہ کرتی ہے کہ بلدیاتی انتخابات کو 2 ماہ کے لئے ملتوی کر دیا جائے تاکہ دونوں مقدس مہینے آسانی کے ساتھ گزر جائیں پھر یہی سرگرمیاں شروع کر لی جائیں۔ اگر کچھ لوگ انتخابات میں حصہ نہ لے سکے تو اس کا مطلب ہو گا کہ انہیں ان کے بنیادی جمہوری اور شہری حقوق سے محروم کر دیا گیا ہے جو کہ آئین پاکستان کی خلاف ورزی ہو گی۔
خبر کا کوڈ : 484799
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش