QR CodeQR Code

حکومت جی بی میں جاری اربوں روپے کے منصوبے جلد مکمل کرے، قائمہ کمیٹی جی بی

9 Sep 2015 00:37

اسلام ٹائمز: وزیر امور کشمیر و گورنر گلگت بلتستان برجیس طاہر نے کمیٹی کو آگاہ کیا کہ وزیر اعظم نواز شریف خطے کی تعمیر و ترقی میں خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان نے حکومت کو ہدایت کی ہے کہ جی بی میں جاری اربوں روپے کے پی ایس ڈی پی منصوبے جلد مکمل کئے جائیں اور کام کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ کمیٹی نے یہ بھی ہدایت کی کہ خطے میں ٹورازم کی صنعت کو فروغ دے کر اربوں روپے کا زرمبادلہ کمانے کی طرف توجہ دی جائے، وزیر امور کشمیر و گورنر گلگت بلتستان برجیس طاہر نے کمیٹی کو آگاہ کیا کہ وزیر اعظم نواز شریف خطے کی تعمیر و ترقی میں خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں، ان کی ہدایت پر وفاقی حکومت نے خطے میں اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبے شروع کر رکھے ہیں، امن و امان بہتر ہونے پر رواں سال 6 لاکھ غیرملکی سیاحوں نے اس خطے کا رخ کیا ہے۔ قائمہ کمیٹی امور کشمیر کے ارکان کمیٹی کے چیئرمین ملک ابرار کی قیادت میں خطے کے حوالے اور ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لینے گلگت پہنچے جہاں کمیٹی کے اجلاس میں وزیر امور کشمیر و گورنر جی بی نے کمیٹی کو خطے میں ترقیاتی کاموں سمیت سیاسی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی۔

چیئرمین قائمہ کمیٹی نے کہا کہ گلگت شہر پورے خطہ کا ہیڈکوارٹر ہے، لہٰذا یہاں پر تعلیم، صحت، پانی و بجلی اور دیگر سہولتوں کی فراہمی کے ساتھ شہر میں جلد از جلد سیوریج نظام پر کام کا آغاز کرنے کی ضرورت ہے تاکہ گلگت شہر صاف رہ سکے اور سیاحوں کیلئے مزید خوبصورت اور پرکشش بننے کے ساتھ ساتھ دریا گلگت کا صاف پانی آلودہ ہونے سے بچ سکے۔ انہوں نے کہا کہ گلگت میں کارڈیالوجی ہسپتال پر کام کا آغاز جلد ہونا لازمی ہے، جس کیلئے وزیراعظم نواز شریف نے پہلے ہی منظوری دی ہے۔ چیئرمین قائمہ کمیٹی نے کہا کہ ان کی کمیٹی گلگت بلتستان میں ترقیاتی کاموں کی جلد تکمیل کیلئے ہر ممکن تعاون کرے گی۔ وزیر امور کشمیر نے کمیٹی کو آگاہ کیا کہ وفاقی حکومت کے ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل سے علاقے میں ترقی و خوشحالی کا ایک نیا دور شروع ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت باتوں سے زیادہ عمل پر یقین رکھتی ہے، یہی وجہ ہے کہ لوگ اس سیاسی جماعت پر اعتماد کرتے ہیں، جس کا واضح ثبوت گلگت بلتستان کے حالیہ عام انتخابات ہیں جن میں مسلم لیگ(ن) کو واضح برتری حاصل ہوئی اور جی بی میں حکومت مسلم لیگ کی ہے۔


خبر کا کوڈ: 484822

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/484822/حکومت-جی-بی-میں-جاری-اربوں-روپے-کے-منصوبے-جلد-مکمل-کرے-قائمہ-کمیٹی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org