QR CodeQR Code

امریکا کے سامنے جھکا ہوں نہ عوام کو جھکنے دونگا،جلد سول نافرمانی کی کال دیں گے،عمران خان

29 Dec 2010 22:09

اسلام ٹائمز:تحریک انصاف کے سربراہ نے کہا کہ انقلاب کی باتیں کرنیوالے پہلے خود اپنے اندر انقلاب لائیں،حبیب جالب کی نظمیں پڑھنے سے انقلاب نہیں آتا،عوام سے قربانی مانگنے والے خود قربانی کیلئے تیار ہو جائیں


فیصل آباد:اسلام ٹائمز-اے آر وائی نیوز کے مطابق تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ نہ وہ امریکہ کے سامنے جھکے ہیں نہ عوام کو بیرونی طاقتوں کے سامنے جھکنے دیں گے۔فیصل آباد میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستانیوں کا خون بیچ کر ذاتی مفاد حا صل کرنے والے پاکستان کے خیرخواہ نہیں ہو سکتے۔آر جی ایس ٹی کی باتیں کر نے والے خود ٹیکس چوری سے توبہ کریں،انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ فاٹا میں معصوم بچوں اور عورتوں کا قتل عام بند کیا جائے۔ 
آج نیوز کے مطابق تحریک انصاف کے سربراہ نے کہا ہے کہ تبدیلی کیلئے وہ میدان میں نکل آئے ہیں،جلد سول نافرمانی کی کال دیں گے۔فیصل آباد میں تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی قیادت میں مہنگائی اور توانائی بحران کیخلاف ریلی نکالی گئی،جو پیپلز کالونی،ڈی گراؤنڈ،ستیانہ روڈ اور ریلوے روڈ سے ہوتے ہوئے چوک گھنٹہ گھر پہنچی،جہاں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ ملک میں بے پناہ مہنگائی،بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ سے بیروزگاری کے نتیجے میں لوگ مر رہے ہیں،جبکہ تمام سیاسی جماعتیں نورا کشتی کرتے ہوئے آپس میں گتھم گتھا ہیں،سب سے بڑی نورا کشتی آصف زرداری اور نواز شریف کے درمیان جاری ہے،انہوں نے کہا کہ انقلاب کی باتیں کرنیوالے پہلے خود اپنے اندر انقلاب لائیں،حبیب جالب کی نظمیں پڑھنے سے انقلاب نہیں آتا۔عمران خان نے کہا کہ سال دو ہزار گیارہ تبدیلی کا سال ہے،عوام سے قربانی مانگنے والے خود قربانی کیلئے تیار ہو جائیں۔


خبر کا کوڈ: 48502

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/48502/امریکا-کے-سامنے-جھکا-ہوں-نہ-عوام-کو-جھکنے-دونگا-جلد-سول-نافرمانی-کی-کال-دیں-گے-عمران-خان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org