0
Thursday 10 Sep 2015 15:12

کراچی میں رینجرز اور پولیس کی کارروائیاں، 40 سے زائد ملزمان گرفتار

کراچی میں رینجرز اور پولیس کی کارروائیاں، 40 سے زائد ملزمان گرفتار
اسلام ٹائمز۔ شہر قائد میں گزشتہ چند روز میں ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں ایک مرتبہ پھر تیزی آنے کے بعد رینجرز اور پولیس نے بھی کارروائیاں کرتے ہوئے مختلف علاقوں سے 40 سے زائد افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔ رینجرز نے بھنگوریہ گوٹھ، یاسین آباد، رحمت کالونی، محمدی کالونی اور اختر کالونی کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کیا، گھر گھر تلاشی کے دوران 24 افراد کو حراست میں لے کر تفتیش کی لئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ رینجرز نے دہشت گردوں اور جرائم پیشہ افراد کی موجودگی کی اطلاع پر پرانی سبزی منڈی میں بھی کارروائی کی، اور 14 افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔

دوسری جانب پولیس کے کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے صدر میں ایمپریس مارکیٹ کے قریب واقع اقبال پلازہ کا محاصرہ کرکے گھر گھر تلاشی لی۔ کارروائی کے دوران 6 مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر سی ٹی ڈی سیل منتقل کر دیا گیا ہے۔ سی ٹی ڈی کے انچارج علی رضا کا کہنا ہے کہ صدر سے حراست میں لئے گئے ملزمان حال ہی میں اس علاقے میں رہنے آئے تھے۔ حراست میں لیے گئے افراد سے ٹریفک پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کے حوالے سے تحقیقات کی جائے گی۔ واضح رہے کہ کراچی میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف آپریشن کو 2 برس مکمل ہونے پر رینجرز اور پولیس نے دعویٰ کیا تھا کہ انہوں نے شہر میں جرائم پر 70 فیصد تک قابو پالیا ہے، تاہم اس کے بعد ایک مرتبہ پھر ٹارگٹ کلنگ شروع ہو گئی ہے۔
خبر کا کوڈ : 485178
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش