QR CodeQR Code

وزیراعظم اور آرمی چیف دینی مدارس کی خدمات کے معترف ہیں، علامہ نیاز نقوی

10 Sep 2015 23:19

اسلام ٹائمز: لاہور میں وفاق المدارس کے عہدیداروں کو بریفنگ دیتے ہوئے مرکزی نائب صدر کا کہنا تھا کہ وزیراعظم اور آرمی چیف سے ہونے والی ملاقات میں مدارس کی قیادت نے دوٹوک الفاظ میں واضح کیا کہ دینی طلبا اور علما کا دہشتگردی سے کوئی تعلق نہیں، اگر کوئی شخص انفرادی طور پر اس قابل مذمت فعل میں ملوث ہے تو اسے سزا دی جائے، مدارس کو تنگ نہ کیا جائے۔


اسلام ٹائمز۔ وفاق المدارس الشیعہ پاکستان اور ملی یکجہتی کونسل کے مرکزی نائب صدر علامہ قاضی نیاز حسین نقوی نے وزیراعظم میاں نواز شریف اور چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف سے 7 ستمبر کو اتحاد تنظیمات مدارس کے رہنماؤں کی ملاقات کو خوشگوار قرار دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ حکومت طے شدہ معاملات پر عملدرآمد کو یقینی بنائے گی اور بیوروکریسی رکاوٹ نہیں بنے گی۔ جامعتہ المنتظر ماڈل ٹاؤن لاہور میں وفاق المدارس کے عہدیداروں کو بریفنگ دیتے ہوئے علامہ نیاز نقوی نے کہا کہ وزیراعظم اور آرمی چیف نے مجموعی طور پر مدارس دینیہ کی خدمات کو سراہا اور واضح کیا کہ مدارس پر چھاپے ان کی پیشگی اجازت کے بغیر مارے گئے، جو کہ افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ مدارس کی قیادت نے دوٹوک الفاظ میں واضح کیا کہ دینی طلباء اور علماء کا دہشتگردی سے کوئی تعلق نہیں، اگر کوئی شخص انفرادی طور پر اس قابل مذمت فعل میں ملوث ہے تو اسے سزا دی جائے، مدارس کو تنگ نہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ قرآن و حدیث کی تعلیم دینے والے مراکز پر چھاپے توہین آمیز رویہ ہے، متعلقہ وفاق کی قیادت کو کسی دینی درسگاہ پر چھاپے سے پہلے اعتماد میں نہیں لیا گیا۔ علامہ نیاز نقوی کا کہنا تھا کہ حکومت مدارس کو تعلیمی بورڈز تسلیم اور رجسٹریشن فارم پر اتحاد تنظیمات مدارس کی قیادت کو اعتماد میں لے تو کوئی ابہام رہے گا نہ بداعتمادی پیدا ہوگی۔


خبر کا کوڈ: 485210

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/485210/وزیراعظم-اور-آرمی-چیف-دینی-مدارس-کی-خدمات-کے-معترف-ہیں-علامہ-نیاز-نقوی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org