0
Friday 11 Sep 2015 20:41

دہشتگردی میں ملوث اور پرامن مدارس سے ایک جیسا سلوک نہ کیا جائے، علامہ نیاز نقوی

دہشتگردی میں ملوث اور پرامن مدارس سے ایک جیسا سلوک نہ کیا جائے، علامہ نیاز نقوی
اسلام ٹائمز۔ وفاق المدارس الشیعہ پاکستان اور ملی یکجہتی کونسل کے مرکزی نائب صدر علامہ نیاز حسین نقوی نے دہشتگردوں کیخلاف پاک فوج کی کارروائیوں کو سراہتے ہوئے فوجی شہداء کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم شرعی بنیادوں پر فوجی آپریشن کی حمایت کرتے ہیں اور کامیابی کیلئے دعاگو ہیں اور اس حوالے سے حکومتی تعاون بھی قابل تعریف ہے۔ علی مسجد ماڈل ٹاﺅن لاہور میں خطبہ جمعہ میں انہوں نے اتحاد تنظیمات مدارس کی قیادت کیساتھ ہونیوالے حالیہ اعلٰی سطحی اجلاس میں وزیراعظم، آرمی چیف، آئی ایس آئی کے سربراہ اور وزیر داخلہ کے دینی مدارس کے کردار کے بارے میں خیالات کو سراہتے ہوئے ایک بار پھر مطالبہ کیا کہ دہشتگردی میں ملوث اور پرامن مدارس سے ایک جیسا سلوک نہ کیا جائے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ غیر منصفانہ توازن پالیسی کے تحت نظر بند شیعہ علماء اور دیگر بیگناہوں کو فوری طور پر رہا کیا جائے۔

رواں اسلامی مہینے ذیقعد کی اہمیت کے حوالے سے نیاز نقوی نے ماہ مقدس میں دعا اور عبادات کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ اس ماہ کے فیوض و برکات سے فائدہ اٹھایا جائے۔ انہوں نے کہا یہ مہینہ اسلامی تاریخ کی اہم شخصیات کی ولادت و شہادت کا مہینہ ہے جن میں پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے آٹھویں اور نویں جانشین امام علی رضاؑ، امام محمد تقیؑ اور امام رضاؑ کی ہمشیرہ حضرت فاطمہ معصومہ علیہم السلام سر فہرست ہیں۔ ان جلیل القدر ہستیوں کے روضہ اقدس کی زیارت کا بہت اجر و ثواب ہے۔ انہوں نے ان بزرگ ہستیوں کی سیرت طیبہ، علمی قدر و منزلت اور ظلم کے خلاف جدوجہد کا اجمالی تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ عباسی حکمرانوں کے عوام پر مظالم اور سادات کے سفاکانہ قتل عام پر امام رضاؑ نے حاکم وقت کو احتجاجی خط لکھا۔ علامہ نیاز حسین نقوی نے امام محمد تقیؑ کے علمی کمالات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے فقط ایک علمی مجلس میں تیس ہزار سوالات کے جوابات دیے۔ خاندان پیغمبر کی ان عظیم ہستیوں کی زیارت، مشکلات، بیماریوں، پریشانیوں کے خاتمے کا موجب ہے۔ علامہ نیاز نقوی نے بانیء پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی برسی کی مناسبت سے ان کے ایصال ثواب کیلئے سورة فاتحہ کی تلاوت بھی کی۔
خبر کا کوڈ : 485328
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش