0
Saturday 12 Sep 2015 09:13

گائے ذبح کرنے پر پابندی کے خلاف کشمیریوں کے مظاہرے

گائے ذبح کرنے پر پابندی کے خلاف کشمیریوں کے مظاہرے
اسلام ٹائمز۔ مقبوضہ کشمیر میں گوشت اور گائے ذبح کرنے پر پابندی کیخلاف وادی بھر میں احتجاجی مظاہرے اور ہڑتال کی گئی، متعدد علاقوں میں دوسرے روز بھی گائے ذبح کر کے پابندی کی دھجیاں بکھیر دی گئیں۔ احتجاجی مظاہروں کے دوران کشمیریوں نے جیوے جیوے پاکستان اور آزادی کے حق میں نعرے لگائے۔ اس موقع پر طلباء نے پاکستانی پرچم بھی لہرائے۔ بھارتی فوج پاکستانی پرچم کو لہراتا دیکھ کر جل بھن کر رہ گئی اور مظاہرین پر ٹوٹ پڑی۔ شدید تشدد کے باعث شبیر احمد شاہ سمیت درجنوں مظاہرین زخمی ہو گئے۔ سرینگر میں کشمیر یونیورسٹی کے طلباء نے ایک بڑی احتجاجی ریلی نکالی، جس کی قیادت شبیر احمد شاہ نے کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے شبیر احمد شاہ نے کہا کہ ہائیکورٹ کی پابندی غیراسلامی ہے، حلال گوشت کو مسلمانوں کے لئے حرام بنا دیا گیا ہے۔

حریت رہنماؤں نعیم احمد خان، یاسمین راجا، محمد یوسف نقاش، حکیم عبدالرشید، سید بشیر اندرابی، بلال صدیقی، محمد رمضان خان اور مولوی بشیر احمد نے بھی مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر کے مسلمان ان غیراسلامی پابندیوں کو کبھی قبول نہیں کریں گے۔ یاسمین راجا، محمد احسن اونتو، محمد اشرف کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ قابض فوج نے درجنوں مقامات پر احتجاجی مظاہروں کو روکنے کے لیے جانور فورس کا استعمال کیا۔ بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں کی بھاری تعیناتی کے باوجود سری نگر کے علاوہ بڈگام، بانڈی پورہ، پلوامہ، سوپور، اسلام آباد، کولگام، کپواڑہ اور دیگر علاقوں میں لوگ پابندی کے خلاف سڑکوں پر نکل آئے۔

حریت رہنماؤں ظفر اکبر بٹ، آسیہ اندرابی سمیت متعدد لوگوں نے دوسرے دن بھی کئی علاقوں میں گائے ذبح کر کے پابندی ہوا میں اڑا دی۔ اپنے گھر میں گائے ذبح کرنے کے موقع پر ظفر اکبر بٹ نے کہا کہ تحریک آزادی اور اسلام کے خلاف بھارتی حکومت کے اوچھے ہتھکنڈوں کے انتہائی خطرناک نتائج نکلیں گے۔ جب سے مفتی سعید کی مدد سے ہندو انتہا پسند جماعت بی جے پی یہاں اقتدار میں آئی ہے، اس وقت سے کشمیریوں کے خلاف جبر و استبداد میں اضافہ ہوا ہے۔ حریت رہنمائوں کی جانب سے بعد نماز جمعہ مظاہرے کے اعلان پر قابض فوج نے سید علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق، محمد یاسین ملک، مولانا عباس انصاری، محمد اشرف صحرائی، ظفر اکبر بٹ، انجینئر ہلال احمد کو باہر جانے سے روکتے ہوئے گرفتار کر کے گھر میں نظر بند کر دیا۔

حریت رہنمائوں سید علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق ، محمد یاسین ملک اور دینی تنظیموں نے گائے ذبح کرنے اور بڑے گوشت کی فروخت پر پابندی کے خلاف ہفتہ کو وادی بھر میں ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔ تمام مذہبی جماعتوں نے پابندی کے خلاف مزاحمتی لائحہ عمل طے کرنے کیلئے مشترکہ اجلاس ہفتہ کو سری نگر میں طلب کر لیا۔ حریت رہنمائوں نے عیدالاضحی کے روز لال چوک میں گائے کی قربانی کرنے کا اعلان کر دیا۔
خبر کا کوڈ : 485359
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش