0
Sunday 13 Sep 2015 19:35

ڈی آئی خان، غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کیخلاف تاجروں کا احتجاجی مظاہرہ و دھرنا

ڈی آئی خان، غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کیخلاف تاجروں کا احتجاجی مظاہرہ و دھرنا
اسلام ٹائمز۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں مرکزی انجمن تاجران، ناظمین، کونسلرز اور شہریوں نے ٹاؤن ہال کے سامنے واپڈا کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا ہے۔ مظاہرے میں شریک شہریوں کا کہنا تھا کہ ایک جانب غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے، جس کا دورانیہ چوبیس گھنٹوں میں سولہ سے اٹھارہ گھنٹے تک ہے، جبکہ آئے روز بجلی کے بلوں میں ناجائز جرمانوں کے علاوہ اووربلنگ بھی کی جاتی ہے۔ اس کے علاوہ واپڈا کی چھاپہ مار ٹیموں نے پولیس کے ہمراہ ملکر چادر و چار دیواری کے تقدس کو پامال کرنے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔ احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ نواز اور جمعیت علماء اسلام (ف) کی ملی بھگت سے کرپٹ اور نااہل افسران عرصہ دراز سے ڈی آئی خان میں تعینات ہیں، اور انہوں نے کرپشن کا بازار گرم کر رکھا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈیرہ واپڈا کا قبلہ اس وقت تک درست نہیں ہو گا، جب تک مذکورہ دونوں سیاسی جماعتیں انکی سرپرستی نہیں چھوڑتیں۔ ایف آئی اے کا ادارہ واپڈا کے محکمہ میں بیٹھے ہوئے کرپٹ افسران و عملے کیخلاف گھیرا تنگ کرے اور نیب ان کا کڑا احتساب کرے، تو پاکستان میں لوڈشیڈنگ ختم ہوجائیگی۔ مقررین نے کہا کہ ڈیرہ کی بدقسمتی ہے کہ یہاں سے مولانا فضل الرحمن جیتیں، تو بھی ڈیرہ کے عوام عذاب میں ہوتے ہیں اور اگر شکست کھائیں، تو بھی یہاں کے عوام کا کوئی پرسان حال نہیں ہوتا۔ مقررین نے چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف کی جانب سے احتساب کے عمل اور رینجرز کی کارروائیوں کو سراہتے ہوئے مطالبہ کیا، کہ وہ ڈیرہ واپڈا میں بیٹھے ہوئے کرپٹ افسران کا بھی احتساب کریں اور ڈیرہ کی دس لاکھ عوام کی جان خلاصی کرائیں۔ آخرمیں مقررین نے تین دن کا الٹی میٹم دیتے ہوئے کہا کہ پیسکو واپڈا پولیس کو ڈیرہ اسماعیل خان سے فی الفور واپس بھجوایا جائے، واپڈا ڈیرہ ڈویژن قائم کیا جائے۔ اگر ٹاؤن ہال فیڈر، سٹی ٹو فیڈر اور دیگر فیڈروں پر جہاں بارہ سے سولہ گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے، کم نہ کی گئی تو واپڈا گرڈ اور واپڈا کے دفترکے سامنے احتجاجی کیمپ لگایا جائیگا اور دھرنا دیا جائیگا۔
خبر کا کوڈ : 485413
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش