QR CodeQR Code

اگر سندھ اندھیرے میں رہا تو پورا ملک اندھیرے میں ڈوبا رہے گا، وزیر خزانہ سندھ

13 Sep 2015 19:53

اسلام ٹائمز: مراد علی شاہ نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف کو مہنگی ترین چیزیں بنانے کا شوق ہے، جس کی واضح مثال لاہور، اسلام آباد میٹرو اور نندی پور پاور پراجیکٹ ہیں، 88 ارب روپے مالیت کا نندی پور پاور پراجیکٹ دنیا کا مہنگا ترین منصوبہ ہے، جس پر ملکی خزانے کو 20 ارب ڈالر کا نقصان ہوگا، اور اسکی وجہ کرپشن ہے۔


اسلام ٹائمز۔ وزیر خزانہ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ توانائی بحران کا واحد حل سندھ کے پاس ہے، اور اگر سندھ اندھیرے میں رہا، تو پورا ملک اندھیرے میں ڈوبا رہے گا، اور اگر سندھ کے ساتھ ظلم ہوا، تو خاموش نہیں بیٹھیں گے۔ کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر خزانہ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف اور ان کی حکومت کو مہنگی ترین چیزیں بنانے کا شوق ہے، جس کی واضح مثال لاہور، اسلام آباد میٹرو اور نندی پور پاور پراجیکٹ ہیں، 88 ارب روپے مالیت کا نندی پور پاور پراجیکٹ دنیا کا مہنگا ترین توانائی منصوبہ ہے، جس پر ملکی خزانے کو 20 ارب ڈالر کا نقصان ہوگا، اور اس کی سب سے بڑی وجہ کرپشن ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئلے اور گیس کے 70 فیصد ذخائر سندھ میں ہیں، جس صوبے سے گیس نکلے، وہاں کے لوگوں کا اس پر پہلا حق ہوتا ہے، سندھ سے نکلنے والی گیس کی 50 فیصد تقسیم کو ختم ہونا چاہیے، ہماری گیس فیلڈ سے بالائی پنجاب کو گیس فراہم کی جاتی ہے، اگر گیس کے معاملے پر مزاحمت کرنا پڑی، تو وہ بھی کریں گے۔

سید مراد علی شاہ نے کہا کہ نواز شریف کسی ایک صوبے کے بجائے پورے ملک کے وزیراعظم بنیں، اگر وزیراعظم نواز شریف کا ملک کو بجلی فراہم کرنے کا منصوبہ ہوتا، تو وہ تھر میں منصوبہ بندی کرتے، اگر سندھ اندھیرے میں رہا، تو پورا ملک اندھیرے میں ڈوبا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ تحقیقاتی اداروں کو صرف سندھ نظر آتا ہے۔ صوبائی وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ سندھ میں ریلوے کے منصوبوں کا قیام مشترکہ مفادات کونسل کے ایجنڈے پر ہے، سی سی آئی ایک آئینی فورم ہے، اور 90 روز میں اجلاس بلانا ضروری ہوتا ہے، تاہم سی سی آئی میں ہماری بات نہیں سنی جاتی، اب شریف برادران کے خلاف عدالت میں جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ سے کوئلہ پنجاب بھیجنے کیلئے ریلوے لائن بھی بچھائی جا رہی ہے، جہاں درآمد شدہ کوئلے سے پنجاب میں منصوبے بن رہے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 485415

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/485415/اگر-سندھ-اندھیرے-میں-رہا-پورا-ملک-ڈوبا-رہے-گا-وزیر-خزانہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org