0
Tuesday 15 Sep 2015 01:20

کرپشن کے نام پر ایک صوبے اور ایک پارٹی کو ٹارگٹ کیا جا رہا ہے، اعتزاز احسن

کرپشن کے نام پر ایک صوبے اور ایک پارٹی کو ٹارگٹ کیا جا رہا ہے، اعتزاز احسن
اسلام ٹائمز۔ سینیٹ میں قائد حزب اختلاف چوہدری اعتزاز احسن کا کہنا ہے کہ کرپشن کے نام پر ایک صوبے اور ایک پارٹی کو ٹارگٹ کیا جا رہا ہے۔ نندی پور منصوبہ پیپلز پارٹی کے دور میں ہوتا تو وزیراعظم پر کرپشن کا الزام لگ جاتا، سینیٹر فرحت اللہ بابر کہتے ہیں کرپشن کے خلاف دہشت گردی کے قوانین کا سہارا لیا جا رہا ہے، اس طرح کرپشن ختم ہوگی نہ ہی دہشتگردی ختم ہوگی۔ تفصیلات کے مطابق، سینیٹ کا اجلاس چیئرمین سینٹ رضا ربانی کی صدارت میں ہوا۔ اجلاس میں پیپلز پارٹی کے اراکین سندھ میں رینجرز اور ایف آئی اے سمیت دیگر اداروں کی کارروائیوں پر پھٹ پڑے۔ اپوزیشن لیڈر اعتزاز احسن نے کراچی کے معاملے پر حکومت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ ایک صوبے میں ایک پارٹی کو ٹارگٹ کیا جا رہا ہے۔ ڈاکٹر عاصم کو نیب یا ایف آئی اے گرفتار کرتی تو کبھی وکالت نہ کرتے۔ وفاق کی ایک صوبے پر متعصابانہ نظر ہے۔ ایم کیو ایم کو دہشت گرد کہا جا رہا ہے جو ماضی میں جنرل پرویز مشرف کی اتحادی تھی۔ سینیٹر فرحت اللہ بابر کا کہنا تھا کہ کرپشن کے خلاف دہشتگردی کے قوانین کا سہارا لیا جا رہا ہے اس مہم کی وجہ سے دہشتگردی کے خلاف آپریشن متاثر ہوا ہے۔ کرپشن سول اداروں میں ہو یا سیکیورٹی اداروں میں قابل مذمت ہے۔ اس طریقے سے نہ کرپشن ختم ہوگی نہ دہشت گردی کے خلاف جنگ جیتی جاسکے گی۔

فرحت اللہ بابر کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ نے ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی کے بارے میں جو کہا وہ سب کے سامنے ہیں۔ مساجد میں بیٹھے بندوق بردار دہشت گردوں اور کالعدم تنظیموں کے خلاف کئی سال تک کارروائی کیوں نہ ہوئی؟، سینیٹر سعید غنی کا کہنا تھا کہ اس طرح تو کرپٹ نواز شریف بھی ہیں۔ انہوں نے اصغر خان کیس میں پیسے لے رکھے ہیں۔ تاثر دیا جا رہا ہے کہ سندھ کے علاوہ باقی سب فرشتے ہیں۔ نیب کے پاس میاں منشاء کے خلاف ثبوت موجود ہیں اس کے خلاف بھی کارروائی کرے۔ مسلم لیگ نون کے سینیٹرز کا کہنا تھا کہ اداروں میں موجود کالی بھیڑوں کو نکالنےکی ضرورت ہے۔ اداروں کو اپنی حدود میں رہنا چاہیے لیکن سیاسی جماعتیں کرپشن کے خلاف کارروائی پر کسی مجرم کی طرفداری نہ کریں۔
خبر کا کوڈ : 485648
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش