0
Tuesday 15 Sep 2015 09:03

دینی مدارس اور این جی اوز کی فنڈنگ ریگولیٹ کرنے کیلئے آرڈیننس جاری کرنیکا فیصلہ

دینی مدارس اور این جی اوز کی فنڈنگ ریگولیٹ کرنے کیلئے آرڈیننس جاری کرنیکا فیصلہ
لاہور سے ابو فجر کی رپورٹ

پنجاب حکومت نے مدارس اور این جی اوز کی فنڈنگ ریگولیٹ کرنے کیلئے آرڈیننس جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اس ضمن میں پنجاب چیریٹیز (charities) ایکٹ 2015ء کا ڈرافٹ تیار کر لیا گیا ہے۔ مجوزہ آرڈیننس کے تحت مدارس اور این جی اوز کیلئے لازمی قرار دیا گیا ہے کہ وہ صرف بینک اکاؤنٹ کے ذریعے ہی عطیات، فنڈز وصول کر سکیں گے اور ان کیلئے بینک اکاؤنٹ کھولنا لازمی ہو گا۔ اس کیساتھ مدارس اور این جی اوز ملنے والے فنڈز کی تمام تفصیلات بھی حکومت کو فراہم کرنے کے پابند ہوں گے۔ جو مدارس اور این جی اوز اس ایکٹ پر عملدرآمد نہیں کریں گے ان کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ سرکاری اعدادوشمار کے مطابق پنجاب میں رجسٹرڈ مدارس اور این جی اوز کی تعداد 31 ہزار ہے جن میں سے 23 ہزار 400 این جی اوز پنجاب سوسائٹیز رجسٹریشن ایکٹ 1860ء کے تحت محکمہ صنعت، کامرس انویسٹمنٹ کے پاس رجسٹرڈ ہیں اور 7 ہزار 600 این جی اوز سوشل ویلفیئر ایجنسیز رجسٹریشن اینڈ کنٹرول آرڈیننس 1961ء کے تحت محکمہ سوشل ویلفیئر کے پاس رجسڑڈ ہیں۔ پنجاب میں رجسٹرڈ دینی مدارس کی تعداد 16 ہزار 320 ہے۔ پنجاب حکومت کی طرف سے مرتب کردہ ریکارڈ کے مطابق صوبے کے 36 اضلاع میں پنجاب سوسائٹیز رجسٹریشن ایکٹ 1860ء کے تحت 16 ہزار 320 دینی مدراس رجسٹرڈ  ہیں۔

سرکاری دستاویزات کے مطابق لاہور میں رجسڑڈ دینی مدارس کی تعداد 1426 ہے۔ شیخوپورہ میں 282، قصور میں 512، اوکاڑہ 379، گوجرانوالہ 628، سیالکوٹ 515، حافظ آباد 127، نارووال 237، سرگودھا 546، گجرات 452، فیصل آباد 710، ننکانہ صاحب 103، جھنگ 349، ٹوبہ ٹیک سنگھ 365، راولپنڈی 430، چنیوٹ 112، جہلم 172، اٹک 361، چکوال 152، بہاولپور 610، منڈی بہاؤالدین 196، رحیم یار خان 833، بہاولنگر 774، خوشاب 249، میانوالی 156، بھکر 317، ملتان 1170، راجن پور 190، ساہیوال 350، خانیوال 524، وہاڑی 438، لودھراں 337، پاکپتن 334، ڈیرہ غازی خان 746، مظفرگڑھ 990 اور لیہ میں 230 دینی مدارس رجسٹرڈ ہیں۔ محکمہ پبلک پراسیکیوشن اور محکمہ قانون و پارلیمانی امور نے پنجاب چیریٹیز ایکٹ کے 2 الگ الگ ڈرافٹ تیار کئے تھے تاہم بعد میں پنجاب حکومت کی ہدایت پر دونوں محکموں کی مشاورت سے پنجاب چیریٹیز ایکٹ کا ایک متفقہ ڈرافٹ تیار کیا گیا ہے جس کا آرڈیننس جلد ہی جاری کر دیا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 485671
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش