0
Tuesday 15 Sep 2015 22:24

سندھ ایپکس کمیٹی کا کراچی آپریشن کو منطقی انجام تک پہنچانے کا فیصلہ

سندھ ایپکس کمیٹی کا کراچی آپریشن کو منطقی انجام تک پہنچانے کا فیصلہ
اسلام ٹائمز۔ صوبائی ایپکس کمیٹی نے دہشت گردوں اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائیاں جاری رکھنے اور کراچی آپریشن کو منطقی انجام تک پہنچانے کا فیصلہ کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی زیر صدارت وزیراعلیٰ ہاؤس کراچی میں سندھ کی ایپکس کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان، ڈی جی رینجرز میجر جنرل بلال اکبر، کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار اور آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی، جبکہ اجلاس میں پولیس اور رینجرز حکام نے قومی ایکشن پلان اور کراچی آپریشن پر بریفنگ دی۔ اطلاعات کے مطابق ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں قومی ایکشن پلان اور کراچی آپریشن، سندھ میں مدارس کی رجسٹریشن سے متعلق پیشرفت کا جائزہ لیا گیا، اور تشدد کی نئی لہر اور اس میں ہونے والی تحقیقات میں پیشرفت پر بھی بات چیت ہوئی۔

اجلاس میں کمیٹی نے نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد پر بھی اطمینان کا اظہار کیا، جبکہ دہشت گردوں، جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائیاں جاری رکھنے اور کراچی آپریشن کو منطقی انجام تک پہنچانے کا فیصلہ کیا۔ اجلاس میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی ہدایت پر تھانوں کو جدید بنانے پر غور کیا گیا، جس کیلئے سندھ حکومت نے تھانوں کو جدید بنانے سے متعلق رپورٹ تیار کرلی ہے، جس کے تحٹ تمام تھانوں کو جدید اسلحہ، بکتر بند گاڑیان اور دیگر سامان مہیا کیا جائے گا، جبکہ تھانوں کو جدید کمپیوٹرائزڈ بنانے پر 28 اروب روپے کی لاگت آئے گئی۔ ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں صوبے میں کام کرنے والی تمام این جی اوز کی ازسرنو رجسٹریشن کا فیصلہ کیا گیا ہے، جو محکمہ داخلہ کے تحت کرائی جائے گی۔

دوسری جانب ایپکس کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات نثار کھوڑو نے کہا کہ اجلاس میں کراچی آپریشن پر اطمینان کا اظہار کیا گیا، شہر میں آپریشن کے خاطر خواہ نتائج سامنے آرہے ہیں، آپریشن کا مقصد ٹارگٹ کلنگ اور دہشت گردی کا خاتمہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں مقامی این جی اوز کی دوبارہ رجسٹریشن کی جائے گی، کیونکہ این جی اوز کی سیکیورٹی کلیئرنس ہونی چاہئے، جبکہ ان کی کارکردگی اور مالی وسائل پر بھی نظر رکھی جائے گی۔ نثارکھوڑو کا مزید کہنا تھا کہ سندھ میں نجی سیکیورٹی کمپنیوں پر بھی گہری نظر رکھی جائے گی، صوبے میں 257 سیکیورٹی کمپنیاں ہیں، جن میں سے 60 کی چیکنگ مکمل کرلی گئی ہے، صوبے میں 9 ہزار 990 مدارس ہیں، جن میں سے 6500 رجسٹرڈ ہو چکے ہیں، اور تمام مدارس کی جیو ٹیگنگ بھی کرلی گئی ہے۔

نثار کھوڑو نے کہا کہ کراچی میں 2500 سی سی ٹی وی کیمرے ہیں، جنہیں دگنا کرنا چاہتے ہیں، جبکہ کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کو بھی تمام سہولتیں فراہم کریں گے، اور محرم الحرام میں سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ رجسٹریشن نہ کرائے جانے والے اسلحہ لائسنس منسوخ کر دیئے گئے ہیں، غیر قانونی بلٹ پروف گاڑیاں بنانے والے اداروں کو بھی بند کر دیا جائے گا۔ نثار کھوڑو کا کہنا تھا کہ عیدالاضحیٰ پر کالعدم تنظیموں کے کھالیں جمع کرنے پر پابندی ہوگی، اور کھالیں اکٹھی کرنے والوں کو ان کا غلط استعمال نہ کرنے کی یقین دہانی کرانا ہوگی، جبکہ کالعدم تنظیموں کو بلدیاتی الیکشن میں حصہ لینے سے روکنے کیلئے بھی فورس تشکیل دے دی گئی ہے۔
خبر کا کوڈ : 485851
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش