QR CodeQR Code

پنجاب حکومت قانون نہیں مانتی کو الیکشن کمیشن فوج بلا لے، عوامی تحریک

16 Sep 2015 18:13

اسلام ٹائمز: خرم نواز گنڈاپور نے چیف الیکشن کمشنر کو لکھے گئے خط میں کہا ہے کہ دھاندلیوں کی وجہ سے عوام کا جمہوریت پر اعتماد اٹھ چکا ہے اگر الیکشن کمیشن نے بلدیاتی انتخابات میں حکومتی اثرورسوخ اور فنڈز کے استعمال کا سخت نوٹس نہ لیا تو پھر عوام کے غم و غصہ اور احتجاج کا رخ الیکشن کمیشن کی طرف ہو گا۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان عوامی تحریک نے چیف الیکشن کمشنر کو خط لکھا ہے کہ پنجاب حکومت بلدیاتی انتخابات کے نتائج پر اثرانداز ہونے کیلئے اربوں روپے کے ترقیاتی فنڈز پری پول دھاندلی کیلئے استعمال کر رہی ہے جو غیر قانونی، انتخابی قواعد اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے۔ پنجاب حکومت نے 15 ستمبر 2015ء کو پنجاب بھر میں 37 ارب روپے مالیت کے منصوبوں کی منظوری دی جو بلدیاتی انتخابات کے نتائج پر اثرانداز ہونے کی منصوبہ بندی ہے۔ پنجاب حکومت اگر الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق اور انتخابی قوانین کو ماننے کو تیار نہیں تو پھر الیکشن کمیشن فوج کے ذریعے اپنے احکامات پر عمل کروائے۔

خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ دھاندلیوں کی وجہ سے عوام کا جمہوریت پر اعتماد اٹھ چکا ہے اگر الیکشن کمیشن نے بلدیاتی انتخابات میں حکومتی اثرورسوخ اور فنڈز کے استعمال کا سخت نوٹس نہ لیا تو پھر عوام کے غم و غصہ اور احتجاج کا رخ الیکشن کمیشن کی طرف ہو گا۔ خرم نوازگنڈا پور نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں نون لیگ کی دھاندلی پر سراپا احتجاج ہیں، مگر کسی ادارے کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی۔ اپوزیشن جماعتوں کے امیدواروں کو پولیس کے ذریعے ہراساں کیا جا رہا ہے، انہیں حکومتی امیدواروں کے مقابلے میں کاغذات جمع کروانے سے روکا گیا اور اب کاغذات واپس لینے پر مجبور کیا جا رہا ہے۔ حویلی لکھا، قلعہ دیدار سنگھ یونین کونسل میں آئی جی پنجاب کے بھائی اعجاز سکھیرا کو بلامقابلہ کامیاب کروانے کیلئے ڈی پی اوکاڑہ نے براہ راست دباؤ ڈالا۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے دھن، دھونس سے بلدیاتی الیکشن جیتنا ہے تو پھر الیکشن کمیشن ابھی سے نون لیگ کے امیدواروں کو بلامقابلہ کامیاب ہونے کا سرٹیفکیٹ جاری کر دے۔ صوبہ کے عوام کا وقت اور وسائل برباد نہ کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ نون لیگ نے دھاندلی پر مبنی جمہوری کلچر متعارف کروایا جس کے نتیجے میں جمہوری ادارے تباہ ہوئے اور عوام کا ووٹ کے استعمال کا حق بری طرح مجروح ہوا۔ انہوں نے کہا کہ اگر بلدیاتی انتخابات میں عوام کا مینڈیٹ ہائی جیک کیا گیا تو اس کا ردعمل انتہائی تباہ کن ہو گا۔


خبر کا کوڈ: 486028

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/486028/پنجاب-حکومت-قانون-نہیں-مانتی-کو-الیکشن-کمیشن-فوج-بلا-لے-عوامی-تحریک

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org