0
Thursday 17 Sep 2015 21:24

زندگی کے آخری لمحے تک خون کا آخری قطرہ کشمیر کاز کیلئے وقف ہے، سراج الحق

زندگی کے آخری لمحے تک خون کا آخری قطرہ کشمیر کاز کیلئے وقف ہے، سراج الحق
اسلام ٹائمز۔ زندگی کے آخری لمحے تک خون کا آخری قطرہ کشمیر کاز کے لیے وقف ہے۔ پاکستان کی سیاسی قیادت اور مقتدر ادارے اور 18 کروڑ عوام کشمیر کاز کے لیے ایک پیج پر ہیں۔ تنازعہ کشمیر میں اصل فریق کشمیری عوام ہیں، اس لیے اُن کی مرضی اور شرکت کے بغیر تنازعہ کشمیر کا کوئی حل ممکن نہیں۔ ہمارے اسلاف نے آزادی کشمیر کے لیے پہلے بھی اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور آئندہ بھی ہم آزادی کشمیر کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار امیر جماعتِ اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے اسلام آباد میں کشمیر کے حوالے سے منعقدہ مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں وزیر اعظم آزاد کشمیر چوہدری عبدالمجید، سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار عتیق احمد خان، سابق صدر آزاد کشمیر غلام قادر اور آر پار کی کشمیری قیادت نے بہت بڑی تعداد میں شرکت کرکے آزادی کشمیر اور کشمیر کاز کے لیے بھرپور یکجہتی اور اتحاد کا مظاہرہ کیا۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ کشمیر کاز کے لیے آج کا یہ مشاورتی اجلاس اور اس میں موجود آر پار کشمیری رہنماوں کی بہت بڑی تعداد میں شرکت اس بات کا پیغام ہے کہ اگر مقبوضہ کشمیر میں ساری قیادت اکٹھی ہے تو ہم بھی یہاں پر اکٹھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تنازعہ کشمیر کا فریق ہندوستان و پاکستان ہی نہیں بلکہ اصل فریق کشمیری عوام ہیں، اس لیے ان کی مرضی اور شرکت کے بغیر کوئی حل ممکن نہیں۔

انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیا اور ساری دنیا امن و سلامتی کے خاطر مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے سنجیدہ کوششیں کریں، اس لیے کہ انسانیت کو بچانے کے لیے اس تنازعے کا حل کرنا ضروری ہے، اور یہ یو این او اور بین الاقوامی برادری کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ کشمیری نہتے عوام اور نوجوانوں پر بھارتی تشدد کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ حق خود ارادیت کے لیے کشمیری عوام کی جدوجہد حق بجانب ہے اور انہیں اس حق کے حصول سے روکنے کے بھارتی ہتھکنڈے کبھی کامیاب نہیں ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں آبادی کے تناسب کو خراب کرنے کے لیے مودی سرکار کی اقدامات قابل مذمت ہیں، بین الاقوامی برادری اس کا نوٹس لے۔ سینیٹر سراج الحق نے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف کے کشمیر پالیسی کے حوالے سے حالیہ بیان کی تائید کرتے ہوئے اسے 18 کروڑ پاکستانی عوام کا موقف قرار دیا، اور کہا کہ کشمیر کاز کے لیے پوری قوم، حکومت اور ادارے ایک پیج پر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ کشمیر کاز کے لیے ایک ایسی ریاستی پالیسی کا اعلان کیا جائے، جس پر حکومتوں کے بدلنے سے کوئی اثر نہ پڑے۔ انہوں نے کہ نواز شریف نے بھی کشمیر کاز کے حوالے سے جو پالیسی اختیار کی ہے اس کو بھی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 486168
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش