0
Saturday 19 Sep 2015 00:04

نالائق حکمرانوں نے ملک کو تباہی کے دہانے تک پہنچا دیا ہے، علامہ ناصر عباس جعفری

نالائق حکمرانوں نے ملک کو تباہی کے دہانے تک پہنچا دیا ہے، علامہ ناصر عباس جعفری
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ ناصر عباس جعفری نے گلگت میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ نالائق حکمرانوں نے ملک کو تباہی کے دہانے تک پہنچا دیا ہے، ملک میں قانون حاکم نہیں, عدلیہ عوام کو انصاف دینے میں ناکام ہوچکی, سیاست دان عوام کی خدمت کی بجائے تجارت کرتے ہیں۔ قومی وحدت پر تفرقہ بازی غالب آچکی ہے, امن و محبت کی جگہ دہشت گردی نے لی ہے۔ گلگت بلتستان کے عوام پاکستان کے عاشق ہیں, حکمرانوں نے یہاں کے عوام کو حقوق دینے کی بجائے قتل و غارت گری کو ترویج دے کر علاقے کو جہنم بنا دیا ہے، پہلے سے زیادہ گلگت بلتستان کے عوامی حقوق کیلئے جدوجہد کرینگے۔ پہلے ہم صرف گلی کوچوں میں مظاہرے کرتے تھے لیکن اب ہماری آواز اسمبلیوں تک پہنچ چکی ہے۔ مستقبل میں پاکستانی معیشت کا دارومدار پاک چائنہ اقتصادی کوریڈور پر ہے، حکومت نے اس اہم منصوبے میں گلگت بلتستان کے عوام نظر انداز کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ نون سے ہماری سیاسی مخالفت ہے لیکن ایک دوسرے کے دشمن نہیں، نواز لیگ سیاسی مخالفت کی وجہ سے پنجاب اور گلگت بلتستان میں سیاسی انتقام لے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام پرامن لوگ ہیں اور گندم سبسڈی تحریک کے دوران اپنی وحدت کا بھرپور ثبوت فراہم کیا, لیکن حکمرانوں کو اس علاقے میں سنی شیعہ وحدت پسند نہیں۔ پوری دنیا میں الیکشن کے ذریعے پاور شپ تبدیل ہوتی رہتی ہے, لیکن پاکستان میں عدلیہ کے معزز ججوں کی نگرانی میں انجینیئرڈ الیکشن ہوتے ہیں۔

پاک چائنہ اقتصادی کوریڈور پر بات کرتے ہونے انہوں نے کہا کہ مستقبل میں پاکستانی معیشت کا دارومدار اسی اقتصادی کوریڈور پر ہے، اقتصادی کوریڈور کمیٹی میں گلگت بلتستان کے عوام کو نمائندگی ملنی چاہیئے۔ گلگت بلتستان میں ٹیکسوں کے نفاذ پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک طرف وفاقی وزراء گلگت بلتستان کو متنازعہ علاقے قرار دے رہے اور دوسری طرف ٹیکسوں کا اجراء کرکے غیر آئینی اقدامات اٹھا رہے ہیں۔ حکمران اگر چاہیں تو گلگت بلتستان کے عوام جو 68 سالوں سے آئینی حقوق سے محروم ہیں، بیک جنبش قلم آئینی حقوق دے سکتے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی قراردادیں گلگت بلتستان کے عوام حقوق کی راہ میں رکاوٹ نہیں۔ نیشنل ایکشن پلان پر بات کرتے ہوئے علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کا غلط استعمال کیا جا رہا ہے، مسلم لیگ اپنے سیاسی مخالفین کو کچلنے کیلئے نیشنل ایکشن پلان کا غلط استعمال کر رہی ہے۔ یمن پر سعودی جارحیت کے خلاف پورے پاکستان میں مظاہرے ہوئے اور پاکستان عوام اور پارلیمنٹ نے یمنی مسلمانوں کے خلاف پاک فوج کے دستے سعودی عرب بھیجنے کی بھرپور مخالفت کی اور خود پاک فوج نے سعودی خواہش کی تکمیل سے انکار کر دیا، لیکن گلگت بلتستان میں ہمارے کارکنوں اور علماء کے خلاف جھوٹے مقدمات قائم کئے گئے۔ آخر میں انہوں نے کہا کہ ہم گلگت بلتستان میں اخوت اور بھائی چارے کی فضا قائم کرینگے، یہاں کے عوام کے حقوق کیلئے پورے پاکستان میں آواز اٹھاتے رہینگے۔
خبر کا کوڈ : 486276
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش