0
Sunday 20 Sep 2015 17:30

الیکشن کمیشن نون لیگ کیساتھ ملا ہوا ہے، عمران خان کا الزام

الیکشن کمیشن نون لیگ کیساتھ ملا ہوا ہے، عمران خان کا الزام
اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ انہیں صوبائی الیکشن کمیشن ضمنی انتخابات کیلئے مہم نہیں چلانے دے رہا جس پر وہ الیکشن کمیشن آف پاکستان اور عدالت جائیں گے۔ لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران عمران خان نے کہا کہ الیکشن کمیشن ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کو ضمنی انتخابات کی مہم میں حصہ لینے نہیں دے رہا، وہ کوئی وزیر نہیں، نہ ہی ان کے پاس کوئی فنڈز ہیں، وہ ایک سیاسی جماعت کے سربراہ ہیں، پھر بھی انہیں اپنا پارٹی منشور عوام کے پاس لے جانے نہیں دیا جا رہا، جس پر وہ الیکشن کمیشن میں پٹیشن جمع کرائیں گے، الیکشن کمیشن کے خلاف 4 اکتوبر کو اسلام آباد میں بڑا جلسہ بھی کریں گے۔ چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ 2013 کے عام انتخابات میں این اے 122 میں سب کو پتہ ہے کہ کیا ہوا تھا، این اے 122 میں ایک لاکھ 84 ہزار میں سے 53 ہزار ووٹ غیر قانونی تھے، کیا ایک حلقے میں 53 ہزار غلطیاں ہو سکتی ہیں، الیکشن کمیشن اس کے ذمہ داروں کیخلاف کچھ نہیں کرے گا کیونکہ 2013 میں الیکشن کمیشن مسلم لیگ (ن) کے ساتھ ملا ہوا تھا، دھاندلی کرنیوالوں کو بڑے بڑے عہدے دیئے گئے، پنجاب میں آج بھی وہی الیکشن کمیشن ہے جس نے تاریخی دھاندلی کی، پنجاب کا الیکشن کمیشن مسلم لیگ (ن) کو جتوانے کی کوشش کرے گا، این اے 122 اور 154 میں ان پر پابندی عدالت نہیں الیکشن کمیشن نے لگائی ہے لیکن یہ 2013 کا نہیں 2015 کا الیکشن ہے، ہم بھرپور طاقت سے ضمنی انتخابات لڑیں گے۔

عمران خان نے کہا کہ وہ جمہوریت اور اداروں پر یقین رکھتے ہیں، آصف زرداری کا آج کل غصہ ٹھیک ہے، قوم فوج اور رینجرز کے ساتھ کھڑی ہے لیکن احتساب فوج کا کام نہیں، اس کیلئے آزاد اور خود مختار نیب بنایا جائے، پاکستان میں آزاد اور خودمختار نیب بنانے کا وقت آ گیا ہے، بتایا جائے کہ 15 ارب روپے کے دانش سکول کہاں گئے، 30 ارب روپے کی سستی روٹی کون کھا گیا، لوہے کا کاروبار کرنیوالوں نے ہر جگہ لوہا لگا دیا اور پاکستان سٹیل ملز جان بوجھ کر بند کر دی گئی، قائداعظم سولر پاور منصوبے میں بھی بڑے پیمانے پر فراڈ کیا گیا، میٹرو بس 3 ارب روپے سالانہ کا نقصان کرے گی، ہم ضمنی الیکشن کی مہم میں نندی پور اور میٹرو سمیت حکمرانوں کی کرپشن سامنے لائیں گے۔ چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ لاہور میں تحریک انصاف کو انتخابی مہم سے روکا جا رہا ہے، مسلم لیگ (ن) کے لوگ پولیس کے ذریعے ہمارے کارکنوں کو ڈرا رہے ہیں، پولیس میں بھرتی کئے گئے گلو بٹوں کو عوام کے سامنے لائیں گے۔
خبر کا کوڈ : 486543
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش