0
Monday 21 Sep 2015 08:16

عوام اگلے عام انتخابات میں جماعت اسلامی کے لوگوں کو منتخب کریں، سراج الحق

عوام اگلے عام انتخابات میں جماعت اسلامی کے لوگوں کو منتخب کریں، سراج الحق
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ پوری قوم بیدار ہو چکی ہے اور اب اسے مزید دھوکہ نہیں دیا جا سکتا۔ اسلامی انقلاب کا سورج بہت جلد طلوع ہونے والا ہے، عوام اگلے عام انتخابات میں جماعت اسلامی کے نیک اور دیانتدار لوگوں کو منتخب کریں جس کے نتیجے میں حقیقی معنوں میں ترقی اور خوشحالی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا۔ ہم برسر اقتدارآ کر ملک بھر میں غریبوں اور امیروں کے لیے یکساں نظام تعلیم اور نصاب تعلیم نافذ کریں گے۔ دینی اور عصری علوم کے حسین امتزاج سے ایک ایسا نظام تعلیم متعارف کرائیں گے جس کے نتیجے میں سکول اور مدرسے کا فرق ختم ہو جائے گا۔ چور چور کا احتساب نہیں کر سکتا۔ جماعت اسلامی کے پاس ملک کو چلانے کے لیے دیانت دار، اہل اور تجربہ کار لوگوں کی پوری کھیپ موجود ہے۔ عوام جماعت اسلامی پر اعتماد کریں۔ تاکہ ملک کو وڈیروں، جاگیرداروں اور سرمایہ داروں کے ظالمانہ چنگل سے نجات دلائی جا سکے۔ جماعت اسلامی کے مرکزی میڈیا سیل کے مطابق ان خیالات کا اظہار انھوں نے سرائے نورنگ ضلع لکی مروت میں بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر خزانہ مظفر سید، جماعت اسلامی صوبہ خیبر پختونخوا کے جنرل سیکرٹری شبیر احمد خان، ضلعی لکی مروت کے ضلعی ناظم، امیر جماعت اسلامی مفتی عرفان اللہ مروت اور ضلعی نائب امیر عزیز الرحمان بھی موجود تھے۔ سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی انسانوں کو انسانوں کی غلامی سے نجات دلا کر اللہ تعالیٰ کی غلامی میں دینا چاہتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہمارے لیے امریکہ یا برطانیہ رول ماڈل نہیں بلکہ جماعت اسلامی برسر اقتدار آکر مدینہ کی اسلامی ریاست کو اپنے لیے نمونہ بنائے گی اور ملک میں عدل و انصاف کا نظام قائم کرے گی۔
خبر کا کوڈ : 486630
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش