0
Friday 31 Dec 2010 17:35

امریکا نے استنبول کو ایران کی جاسوسی کا گڑھ بنا رکھا ہے،وکی لیکس

امریکا نے استنبول کو ایران کی جاسوسی کا گڑھ بنا رکھا ہے،وکی لیکس
انقرہ:اسلام ٹائمز-جنگ نیوز کے مطابق امریکا ایران کی جاسوسی کیلئے ترکی میں رہنے والے ایرانی باشندوں یا ایران کے اداروں میں کام کرنے والوں سے مدد لیتا ہے۔ اس مقصد کیلئے استنبول ایران کیخلاف امریکی جاسوسی کا گڑھ بنا ہوا ہے۔ یہ انکشاف ایک امریکی مراسلے سے ہوا ہے جو پندرہ ستمبر دو ہزار نو کو واشنگٹن بھیجا گیا تھا۔ مراسلے میں بتایا گیا ہے کہ ترکی میں ایران کے پچاس ہزار شہری مقیم ہیں جن میں سے زیادہ تر طالب علم ہیں۔ انقلاب ایران کے بعد سے ایران اور امریکا میں سفارتی تعلقات نہیں ہیں۔ ایسے میں وکی لیکس کی طرف سے جاری اس مراسلے میں بتایا گیا ہے کہ کس طرح امریکا ایران کیخلاف جاسوسی کرتا ہے۔
 امریکی سفارت خانہ ایران کے بارے میں جن افراد سے رابطے رکھتا ہے۔ ان کی سلامتی اور حفاظت کے ساتھ اس بات کا بھی خیال رکھا جاتا ہے کہ ایرانی حکومت کو ان افراد سے رابطوں کا پتہ نہ چل سکے۔ تاہم کبھی ایسا بھی ہوتا ہے کہ ایرانی حکومت کو امریکی سفارت کاروں سے خفیہ رابطوں کا پتہ چل جاتا ہے۔ مراسلے میں ایسے تین کیسوں کی مثال دی گئی ہے کہ تین رابطوں نے امریکی سفارت کاروں کو بتایا کہ ایرانی حکام کو کچھ سن گن ہو گئی،ایسے میں انہیں ہدایت دی گئی ہے کہ وہ امریکی سفارتکاروں سے رابطے ختم کر دیں۔
ایک مثال میں بتایا گیا کہ استنبول میں ایران کے پریس ٹی وی کی نمائندہ سے امریکی سفارت خانہ ایران کے بارے میں معلومات حاصل کرتا رہا۔ جب ایران کو پتہ چلا تو اس نمائندہ خاتون کو رابطے ختم کرنے کی ہدایت دی گئی۔ تاہم خاتون صحافی نے یہ دلیل دے کر ہدایت ماننے سے انکار کر دیا کہ وہ برطانوی شہری ہے۔ مراسلے میں ترک ایران بزنس کونسل کے ایک عہدیدار کا ذکر کیا گیا کہ امریکی سفارت کار اس سے بھی ایران کے بارے میں معلومات حاصل کرتے رہے۔ لیکن اس کا پتہ چلنے پر ایرانی حکام نے اسے محتاط رہنے کی ہدایت کی۔

خبر کا کوڈ : 48666
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش