0
Monday 21 Sep 2015 16:04

پیپلز پارٹی کے رکن سندھ اسمبلی علی نواز شاہ کی ضمانت منظور

پیپلز پارٹی کے رکن سندھ اسمبلی علی نواز شاہ کی ضمانت منظور
اسلام ٹائمز۔ سندھ ہائی کورٹ نے پیپلز پارٹی کے رہنماء اور  رکن سندھ اسمبلی علی نواز شاہ کی ضمانت منظور کرلی ہے، جبکہ احتساب عدالت نے بدعنوانی کے الزام میں انھیں نااہل قرار دیا تھا۔ تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت نے دس ستمبر 2015ء کو علی نواز شاہ کو پانچ سال قید اور ساڑھے پانچ لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی تھی، اس کے علاوہ شریک جرم ہونے کے الزام میں ان کے بھانجے سید امتیاز علی شاہ اور کزن سابق وفاقی وزیر خادم علی شاہ کو قید اور جرمانہ عائد کیا تھا۔ میرپور خاص سے رکن صوبائی اسمبلی سید علی نواز پر الزام تھا کہ انھوں نے ایل بی او ڈی سیم نالے کی تعمیر کے دوران معاوضے حاصل کرنے کیلئے جعلی ب فارم بنوائے اور کچھ کھاتے داروں کے جعلی مختار نامے حاصل کئے۔ احتساب عدالت کے فیصلے کے خلاف تمام ملزمان نے سندھ ہائی کورٹ میں اپیل دائر کی تھی۔

جسٹس احمد علی شیخ کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے پیر کو احتساب عدالت کے فیصلے کو کالعدم قرار دے دیا، اور ملزمان کی ضمانت کی درخواست قبول کرلی، اور انھیں پانچ پانچ لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کی ہدایت کی۔ علی نواز شاہ کے وکیل کا مؤقف تھا کہ مبینہ بدعنوانی کا یہ معاملہ احتساب بیورو کے دائرۂ اختیار میں نہیں تھا، اور اس الزام کا پس منظر سیاسی ہے، عدالت نے ملزمان کے حق میں ثبوت اور شواہد کو نظر انداز کیا ہے اور غلط سزا دی ہے، لہٰذا احتساب عدالت کے فیصلے کو مسترد کیا جائے۔ واضح رہے کہ سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر عاصم حسین کی گرفتاری کے بعد سید علی نواز شاہ کے خلاف فیصلے پر پیپلز پارٹی کی قیادت نے سخت ردعمل کا اظہار کیا تھا یہ سزا پیپلز پارٹی اور نواز لیگ کے درمیان مزید فاصلے کا سبب بنی تھی۔
خبر کا کوڈ : 486729
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش