QR CodeQR Code

گوادر کاشغر روٹ کی تبدیلی ملکی سلامتی کیلئے خطرناک ثابت ہوگی، بلوچستان سیاسی جماعتیں

21 Sep 2015 17:13

اسلام ٹائمز: کوئٹہ کے مقامی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلوچستان کی مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں نے کہا ہے کہ اگر اس دفعہ بلوچستان کی عوام کو وفاق نے دھوکہ دیا تو دمادم مست قلندر ہوگا۔ کوئی مائی کا لال گوادر کاشغر روٹ کو تبدیل نہیں کرسکتا۔


اسلام ٹائمز۔ بلوچستان کی سیاسی و مذہبی جماعتوں نے وفاقی حکومت کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر گوادر کاشغر روٹ کو تبدیل کرنے کی کوشش کی گئی تو یہ ملک کی سلامتی کیلئے خطرناک ثابت ہوگا۔ سب سے پہلے گوادر تا ژوب اور ڈیرہ اسماعیل خان روڈ بنایا جائے، پھر بلوچستان کی عوام کو کسی بھی روٹ پر اعتراز نہیں ہوگا۔ اگر اس دفعہ بلوچستان کی عوام کو وفاق نے دھوکہ دیا تو دمادم مست قلندر ہوگا۔ کوئی مائی کا لال گوادر کاشغر روٹ کو تبدیل نہیں کرسکتا۔ بلوچستان اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر مولانا عبدالواسع، پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنماء و سابق سینیٹر سردار یعقوب خان ناصر اور عوامی نیشنل پارٹی کے پارلیمانی لیڈر انجینئر زمرک خان اچکزئی نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اپوزیشن لیڈر مولانا عبدالواسع نے کہا کہ ہمیں پہلے ہی خدشہ تھا کہ وفاقی حکومت ایک بار پھر بلوچستان کی عوام کو دھوکہ دے گی اور اب یہ شک یقین میں تبدیل ہورہا ہے۔ ہمیں کچھ نہیں چاہیئے اس روٹ کو فوری طورپر گوادر سے سوراب، کوئٹہ، قلعہ سیف اللہ، ژوب اور ڈیرہ اسماعیل خان سے ہوتے ہوئے کاشغر تک پہنچایا جائے۔ جب تک یہ روٹ نہیں بنے گا۔ اس وقت تک ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ وفاقی حکومت نے 28 مئی کو ہونیوالی آل پارٹیز کانفرنس میں واضح کیا تھا کہ گوادر کاشغر روٹ کو تبدیل نہیں کیا جائے گا۔ اگر اس کے باوجود بلوچستان کے عوام یا خیبرپختونخوا کے عوام کیساتھ دھوکہ ہوا تو اس کے خطرناک نتائج برآمد ہونگے۔ ہم وفاقی حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ فوری طورپر اس روٹ پر کام شروع کیا جائے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنماء و سابق سینیٹر سردار یعقوب خان ناصر نے کہا ہے کہ اب تک ہمیں پتا نہیں کہ اقتصادی راہداری کے روٹ کو تبدیل کیا گیا۔ اگر ایسا ہوا تو یہ فیصلہ ہمیں منظور نہیں ہوگا۔ گوادر کاشغر روٹ کو تبدیل نہ کیا جائے۔ کیونکہ اس روٹ کی تبدیلی سے پاکستان مشکل میں پھنس جائے گا اور ہمارے ساتھ کئے وعدوں کو خلاف ورزی نہ کی جائے۔ عوامی نیشنل پارٹی کے پارلیمانی لیڈر انجینئر زمرک خان اچکزئی نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی نے اس روٹ کی تبدیلی کے حوالے سے پہلے بھی احتجاج کیا اور اب بھی احتجاج کریں گے۔ اگر کسی نے بھی گوادر کاشغر اقتصادی راہداری کو تبدیل کرنے کی کوشش کی تو یہ پاکستان کی سلامتی کیلئے خطرناک ثابت ہوگا۔ حکمران کالا باغ ڈیم منصوبے کی طرح اس منصوبہ کو متنازعہ نہ کریں۔ اس روٹ سے پشتونوں اور بلوچوں کا مستقبل وابستہ ہے اور وفاقی حکومت کی جانب سے جو وعدہ کیا ہے، اس کو پورا کیا جائے گا۔ بصورت دیگر یہاں دما دم مست قلندر ہوگا۔


خبر کا کوڈ: 486744

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/486744/گوادر-کاشغر-روٹ-کی-تبدیلی-ملکی-سلامتی-کیلئے-خطرناک-ثابت-ہوگی-بلوچستان-سیاسی-جماعتیں

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org