0
Thursday 24 Sep 2015 11:16

میں بلوچستان سے جارہا ہوں، لیکن میرا دل بہت مطمئن ہے، جنرل ناصر خان جنجوعہ

میں بلوچستان سے جارہا ہوں، لیکن میرا دل بہت مطمئن ہے، جنرل ناصر خان جنجوعہ
اسلام ٹائمز۔ کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹنٹ جنرل ناصر خان جنجوعہ نے کہا ہے کہ میں اگرچہ بلوچستان سے جارہا ہوں لیکن میرا دل بہت مطمئن ہے۔ ہم نے اور سیاسی حکومت نے تو اپنا کام کیا ہے، مگر اس میں بڑا حصہ عوام کا ہے۔ جس نے صوبے میں خوف کے آسیب کو توڑ ڈالا اور ہمارے ساتھ قدم ملا کر دشمنوں کے عزائم کو ناکام بنا دیا۔ بلوچستان کے عوام کی کشش اور محبت میرے دل میں ہمیشہ رہے گی اور میرا دل بلوچستان کے ساتھ ہی دھڑکے گا۔ میں بلوچستان سے اپنے آپ کو ہمیشہ جوڑ کر رکھونگا۔ بلوچستان میں جن حالات کا سامنا تھا، اس حوالے سے ہم خائف تھے۔ تاہم سب سے بڑا کام عوام نے صوبے میں خوف کے آسیب کو توڑ کر کیا۔ صوبے کے پیارے پیارے لوگوں نے حالات کی بہتری میں اپنا بھرپور حصہ ڈالا۔ میں ہمیشہ بلوچستان کے لوگوں کا شکرگزار رہوں گا کہ لوگوں نے ہمارے قدم سے قدم ملا کر دشمنوں کے عزائم کو ناکام بنا دیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ صوبے کے حالات کی بہتری کے لئے اپنا حصہ آئندہ بھی ڈالتے رہیں گے۔ ہمیں حقوق العباد کا خاص خیال رکھنا ہوگا یہ بہت خوش آئند بات ہے کہ معاشرے میں جہاں ظلم اور بربریت ہے، وہاں اچھے لوگ بھی ہیں۔ جو زخموں پر مرہم رکھتے ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے ادارہ بہبود عمر رسیدہ کے قیام پر منتظمین کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ ایک بہت بڑی نیک سوچ ہے۔ اس ادارے کو چلانے میں ہم بھی اپنا حصہ ڈالیں گے۔

تقریب سے خطاب میں ادارہ کے سربراہ اور منتظم بریگیڈئر ریٹائرڈ عبدالرزاق بلوچ نے بریفنگ میں بتایا کہ اس ادارہ کے لئے زمین صوبائی حکومت نے فراہم کی جبکہ رکن اسمبلی مس راحیلہ حمید درانی نے دو کروڑ سے زائد کی رقم اپنے ایم پی اے فنڈ سے فراہم کی۔ اس کے علاوہ ادارہ کو یو ایس ایڈ، جرمن قونصلیٹ اور حبیب بنک کا بھی تعاون رہا۔ انہوں نے مخیر حضرات سے ادارہ کے چلانے میں مدد کی اپیل کی۔ تقریب سے رکن اسمبلی راحیلہ درانی، مسز ثریا الہ دین نے بھی خطاب کیا۔
خبر کا کوڈ : 487228
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش