QR CodeQR Code

لاہور، حساس مساجد، امام بارگاہوں اور عیدگاہوں پر کمانڈو تعینات کرنے کا فیصلہ

24 Sep 2015 19:28

اسلام ٹائمز: سی سی پی او نے اجلاس میں ایس پیز کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ ہر ایس پی اپنے ڈویژن میں نماز عید کے بڑے اجتماعات کیساتھ ساتھ حساس مساجد اور امام بارگاہوں پر لگائی جانیوالی سکیورٹی ڈیوٹی کو بذات خود چیک کرے گا اور ڈیوٹی پر موجود اہلکاروں کو ان کی ڈیوٹی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دے گا۔


اسلام ٹائمز۔ سی سی پی او لاہور کیپٹن (ر) محمد امین وینس کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے جن 24 تنظیموں یا فلاحی اداروں کو قربانی کی کھالیں اکھٹی کرنے کیلئے کیمپ لگانے کی اجازت دی گئی ہے ان کے علاوہ کسی بھی کالعدم تنظیم یا ادارے کو کھالیں جمع نہیں کرنے دیں گے۔ نماز عید کے اجتماعات کی سکیورٹی کیلئے اپنے دفتر میں پولیس افسران کے ساتھ میٹنگ کے موقع پر سی سی پی او کا کہنا تھا کہ اے کیٹگری کی مساجد اور امام بارگاہوں کی سکیورٹی کیلئے کمانڈوز تعینات کیے جائیں۔ سی سی پی او کے ساتھ میٹنگ میں ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف اور تمام ڈویژنل ایس پیز بھی موجود تھے۔ انہوں نے ایس پیز کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ ہر ایس پی اپنے ڈویژن میں نماز عید کے بڑے اجتماعات کیساتھ ساتھ حساس مساجد اور امام بارگاہوں پر لگائی جانیوالی سکیورٹی ڈیوٹی کو بذات خود چیک کرے گا اور ڈیوٹی پر موجود اہلکاروں کو ان کی ڈیوٹی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دے گا۔

اس موقع پر ڈی آئی جی آپریشنز نے بتایا کہ عیدالاضحیٰ پر سکیورٹی کیلئے دس ہزار سے زائد پولیس افسران اور جوان فرائض سرانجام دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے جن تنظیموں اور فلاحی اداروں کو کھالیں اکٹھی کرنے اور کیمپ لگانے کی اجازت دی گئی ہے ان میں شوکت خانم کینسر اینڈ ریسرچ ہسپتال، سہارا فار لائف ٹرسٹ، ایدھی فاؤنڈیشن، فاطمید فاؤنڈیشن، میڈی کیئر ٹرسٹ، فاؤنٹین ہاؤس، اے کیو خان ہسپتال ٹرسٹ، جامع نعیمیہ، نور تھیلسیمیا فاؤنڈیشن، الخدمت فاؤنڈیشن، منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن، نگینہ سوشل ویلفیئر سوسائٹی، چشتیاں ویلفیئر سوسائٹی، گھرکی ٹرسٹ ٹیچنگ ہسپتال، رائزنگ سن ایجوکیشن ویلفیئر سوسائٹی، دعوت اسلامی، الشیخ دارلشفاء/الشفاء ڈسپنسری، الخیبر فاؤنڈیشن، انیس فاطمہ ٹرسٹ، اخوت فاؤنڈیشن، الاحسان ویلفیئر آئی ہسپتال، عبیر ویلفیئر ٹرسٹ، مدرسہ خدام اہلسنت تعلیم القرآن اور محمدی میڈیکل ٹرسٹ شامل ہیں۔


خبر کا کوڈ: 487298

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/487298/لاہور-حساس-مساجد-امام-بارگاہوں-اور-عیدگاہوں-پر-کمانڈو-تعینات-کرنے-کا-فیصلہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org