0
Thursday 14 May 2009 10:01

پنجاب میں ایرانی سرمایہ کاری دونوں ملکوں کے عوام کیلئے مفید ہو گی : وزیراعلی شہباز شریف

پنجاب میں ایرانی سرمایہ کاری دونوں ملکوں کے عوام کیلئے مفید ہو گی : وزیراعلی شہباز شریف
لاہور : وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ ایران کی جانب سے پنجاب میں زراعت، آبپاشی، ادویات سازی اور سیاحت کے شعبوں میں سرمایہ کاری دونوں ممالک کے عوام کے لئے سودمند ثابت ہو گی۔ گذشتہ روز خراسان کے گورنر جنرل محمدی زادہ کی طرف سے دئیے گئے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہم ان منصوبوں کو بہترین انداز میں عملی جامہ پہنائیں گے۔ انہوں نے خراسان کے گورنر کی طرف سے پاکستان اور ایران کے درمیان فضائی رابطوں کے فروغ کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس سے دونوں ملکوں کے درمیان نہ صرف تجارت کے میدان میں انقلاب آئے گا بلکہ باہمی سیاحت کو بھی فروغ ملے گا۔ بعد ازاں فردوسی یونیورسٹی کے دورے کے موقع پر شہباز شریف نے ایرانی سکالر فردوسی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی میں فردوسی کے نام پر چیئر قائم کی جائے گی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ایکسچینج پروگرام کے تحت فیصل آباد یو نیورسٹی، پنجاب یونیورسٹی اور فردوسی یونیورسٹی کے درمیان ماہرین تعلیم کے تجربات سے بھر پور فائدہ اٹھایا جائے گا۔ علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ نے ایران میں چار سال کے عرصہ میں مکمل ہونے والی طویل ترین میٹرو ٹرین سسٹم کا معائنہ کیا اور کہا کہ پنجاب حکومت لاہور میں میٹرو ٹرین کا منصوبہ تین برس میں مکمل کرنے کی کوشش کرے گی۔ بعدازاں وزیر اعلیٰ نے مشہد کی مشہور شاہراہ اقبال پر حکومت ایران کی طرف سے بنائے گئے علامہ اقبال کے مجسمے کی نقاب کشائی کی۔ اس موقع پر ماہرین تعلیم، اعلیٰ حکام اور پاکستانیوں کی بڑی تعداد سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ علامہ اقبال، ایران اور پاکستان کا مشترکہ سرمایہ ہیں اور اس پر پورے عالم اسلام کا حق ہے۔
خبر کا کوڈ : 4873
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش