0
Thursday 24 Sep 2015 19:17

وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے عید پر سکیورٹی انتظامات سخت کرنے کی ہدایت کر دی

وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے عید پر سکیورٹی انتظامات سخت کرنے کی ہدایت کر دی
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلی پنجاب میاں شہباز شریف نے کالعدم تنظیموں کی جانب سے کھالیں اکٹھی کرنے کی پابندی پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ مساجد، امام بارگاہوں اور عبادت گاہوں کی سیکیورٹی ہر صورت فول پروف ہونی چاہیے جبکہ پولیس حکام کو فیلڈ میں رہنے کے احکامات جاری کئے۔ ماڈل ٹاؤن لاہور میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے عید الاضحی کے موقع پر عوام کی جان و مال کے تحفظ کیلئے کئے جانیوالے سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے عیدالاضحی کے موقع پر صوبہ بھر میں فول پروف سکیورٹی انتظامات یقینی بنانے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ قانون نافذ کرنیوالے ادارے عیدالاضحی کے موقع پر امن عامہ کی فضا برقرار رکھنے کیلئے چوکس رہیں اور عوام کی جان و مال کے تحفظ کیلئے ہر اقدام اٹھایا جائے اور صوبے کےحساس مقامات کی سکیورٹی کو مزید بہتر کیا جائے۔

انھوں نےکہا کہ مساجد، امام بارگاہوں اور عبادت گاہوں کی سکیورٹی یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھایا جائے اور عید کے اجتماعات کے باہر واک تھرو گیٹس، میٹل ڈیٹکٹرز اور سکینرز کے ذریعے عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے سکیورٹی انتظامات کو مزید موثر بنایا جائے۔ انھوں نے کہا کہ شرپسند عناصر پر کڑی نظر رکھی جائے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ صوبہ بھر میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر سرچ آپریشن جاری رکھے جائیں۔ وزیراعلیٰ نے پولیس حکام کو ہدایت کی کہ کالعدم تنظیموں کے قربانی کی کھالیں اکٹھی کرنے کی پابندی پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کو محکمہ داخلہ کی جانب سے صوبے میں قیام امن کے حوالے سے کئے جانیوالے اقدامات کےبارے میں بریفنگ دی گئی۔
خبر کا کوڈ : 487301
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش