0
Monday 28 Sep 2015 13:38

محرم الحرام میں غیر معمولی سیکیورٹی کیلئے فوراً منصوبہ بندی کی جائے، آئی جی سندھ

محرم الحرام میں غیر معمولی سیکیورٹی کیلئے فوراً منصوبہ بندی کی جائے، آئی جی سندھ
اسلام ٹائمز۔ آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی نے عید الاضحیٰ کے ایام میں پولیس سیکیورٹی اقدامات میں مجموعی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ بہترین حکمت عملی کے تحت سکیورٹی پلان پر عمل درآمد پولیس کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظہر ہے۔ اپنے ایک بیان میں غلام حیدر جمالی نے کہا کہ محرم الحرام بھی قریب ہے، لہذ ابھی سے ہی غیر معمولی سیکیورٹی اقدامات کے حوالے سے منصوبہ بندی کی جائے۔ انہوں کہا کہ اس ضمن میں قیام امن اور پُرسکون ماحول کی فراہمی کے لئے تمام سیاسی مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں اور علمائے کرام کے ساتھ پولیس مستحکم روابط اختیار کرتے ہوئے سیکیورٹی کے مجموعی اقدامات کو ٹھوس بنائیں، اور اس حوالے سے مساجد، امام بارگاہوں اور اقلیتی برادری کے مذہبی مقامات سمیت تمام پبلک مقامات کو خاص اہمیت دی جائے۔

غلام حیدر جمالی نے کہا کہ پُرامن شہریوں کی جان و مال کی حفاظت اور امن و امان کے حالات پر مؤثر کنٹرول پولیس کے بنیادی فرائض ہیں، لہٰذا اس سلسلے میں قانون کی بالادستی، قوانین پر عمل درآمد کے لئے غیر جانبدارانہ اقدامات، مثبت رویہ اور برتاؤ کو ہر سطح پر یقینی بنایا جائے۔ آئی جی سندھ نے پولیس کو ہدایات جاری کی ہیں کہ شرپسند عناصر پر کڑی نگاہ رکھی جائے، اور اس سلسلے میں بروقت کارروائی کو بھی یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام ایس ایچ اوز متعلقہ علاقوں میں موبائل، موٹر سائیکل، پیدل گشت، اسنیپ چیکنگ اور پولیس پکٹنگ کو ممکن بناتے ہوئے، تمام تر عملی اقدامات کو یقینی بنائیں، اور دفعہ 144 کے تحت لگائی گئی پابندیوں پر عمل درآمد کے ہر ممکن اقدامات اختیار کریں۔
خبر کا کوڈ : 487803
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش