0
Tuesday 29 Sep 2015 13:05

قندوز کیبعد ضلع ینگی پر بھی افغان طالبان کا قبضہ

قندوز کیبعد ضلع ینگی پر بھی افغان طالبان کا قبضہ
اسلام ٹائمز۔ افغان طالبان نے ڈرامائی انداز میں قندوز کے بعد ترخار صوبہ میں ضلع ینگی قلعہ پر بھی قبضے کا اعلان کر دیا ہے جبکہ افغان حکومت نے اعلان کیا ہے کہ قندوز پر قبضہ چھڑانے کیلئے امریکی فوج کی مدد سے آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔ جس کے دوران پولیس ہیڈکوارٹر سمیت کئی اہم علاقوں کا قبضہ چھڑا لیا گیا ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق افغان طالبان نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ سکیورٹی فورسز کیساتھ جھڑپوں کے بعد ”مجاہدین“ نے ینگی قلعہ کا کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔ پولیس ہیڈکوارٹر اور ضلعی انتظامیہ کی عمارت پر طالبان فورسز نے قبضہ کر لیا ہے، تاہم آزاد ذرائع سے اس کی تصدیق نہیں ہوسکی۔ افغان طالبان کے مطابق مختصر مزاحمت کے بعد بزدل اپنی پوزیشن سے پیچھے ہٹ گئے، دیگر آلات سمیت ہتھیاروں اور گولہ بارودسے بھرا ایک ٹرک بھی چھوڑ گئے ہیں۔ اسی دوران اطلاعات ہیں کہ طالبان سے قندوز کا قبضہ ختم کرانے کیلئے سکیورٹی فورسز نے آپریشن شروع کر دیا ہے، اور اس ضمن میں امریکی فضائیہ نے طالبان کے ایک کمپاﺅنڈ پر حملہ بھی کیا ہے۔ صوبائی پولیس ہیڈ کوارٹر اور قندوز جیل کا کنٹرول طالبان سے واپس لے لیا گیا۔ افغان وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ طالبان کے خلاف قندوز میں جاری آپریشن میں امریکی فوج کی مدد بھی حاصل ہے اور دفاعی لحاظ سے اہم قندوز شہر کو چھڑانے کیلئے کارروائی جاری ہے، جبکہ طالبان کے حملے کے وقت قندوز میں موجود سکیورٹی فورسز اور دیگر حکام نے ایئر پورٹ پر پناہ لے لی۔ رپورٹ کے مطابق حالیہ سالوں میں طالبان کی طرف سے ہونیوالے حملوں میں قندوز حملہ نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ جس کی وجہ سے کابل حکومت مزید دباﺅ کا شکار ہو سکتی ہے، جبکہ طالبان کے نئے سربراہ ملا اختر منصور نے سکیورٹی فورسز کو خبردار کیا ہے کہ انتقامی کارروائیوں یا قندوز پر قبضے کی کوشش سے باز رہیں۔ اپنے بیان میں ملا اختر منصور کا کہنا تھا کہ وہ کسی قتل و غارتگری کے بارے میں نہیں سوچ رہے، بلکہ امن کے پیغام کیساتھ میدان میں آئے ہیں اور وہ ایسے لوگوں کے خلاف ہیں، جو حملہ آوروں اور کٹھ پتلی حکومت کیلئے کھڑے ہیں۔ اگر وہ اپنے سابقہ اعمال پر معافی مانگیں اور مخالفین کیساتھ روابط ترک کر دیں، تو ان کیلئے معافی کے دروازے کھلے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 487995
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش