QR CodeQR Code

شام میں دا‏عش کیخلاف جنگ شامی حکومت کی ہم آہنگی سے لڑی جانا چاہیئے، سرگئی لاوروف

30 Sep 2015 12:34

اسلام ٹائمز: ماسکو سے جاری اپنے ایک بیان میں روسی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ صرف ہوائی حملوں سے شام میں داعش کی پیشقدمی کو نہیں روکا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ داعش کے مقابلے کیلئے ہوائی حملوں کے ساتھ ساتھ زمینی فوج بھی تعینات کرنے کی ضرورت ہے۔


اسلام ٹائمز۔ روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے شام کے بارے میں ماسکو اور واشنگٹن کے درمیان ہم آہنگی کی تردید کی ہے۔ میڈیا نیوز کے مطابق روسی وزیر خارجہ نے ماسکو سے جاری اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ شام کے بارے میں روس اور امریکہ کے درمیان کسی بھی معاملے پر کوئی اتفاق رائے نہیں ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک نے وزارت خارجہ اور دفاع کی سطح پر ایک دوسرے سے رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔ روس کے وزیر خارجہ نے کہا کہ شام کے بحران کے حل کے طریقہ کار کے بارے میں ماسکو اور واشنگٹن کے درمیان اختلافات بدستور برقرار ہیں۔ سرگئی لاؤ روف نے ایک بار پھر اپنے ملک کے اس موقف کا اعادہ کیا کہ شام میں دا‏عش کے خلاف جنگ حکومت شام کی ہم آہنگی سے لڑی جانا چاہیئے۔ ان کا کہنا تھا کہ صرف ہوائی حملوں سے شام میں داعش کی پیشقدمی کو نہیں روکا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ داعش کے مقابلے کے لئے ہوائی حملوں کے ساتھ ساتھ زمینی فوج بھی تعینات کرنے کی ضرورت ہے۔ قابل ذکر ہے کہ روسی سینیٹ نے بدھ کے روز شام کے صدر بشار اسد کی جانب سے دہشت گردوں کے خلاف جنگ کے لئے روسی فوج کی تعیناتی کی درخواست کو اتفاق رائے کے ساتھ منظور اور صدر ولادی میر پوتن کو فوج بھیجنے کا اختیار دے دیا ہے۔


خبر کا کوڈ: 488269

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/488269/شام-میں-دا-عش-کیخلاف-جنگ-شامی-حکومت-کی-ہم-آہنگی-سے-لڑی-جانا-چاہیئے-سرگئی-لاوروف

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org