0
Wednesday 30 Sep 2015 22:28

امپائر نون لیگ کے ہوں گے لیکن الیکشن ہم جیتیں گے، عمران خان

امپائر نون لیگ کے ہوں گے لیکن الیکشن ہم جیتیں گے، عمران خان
اسلام ٹائمز۔ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ نون لیگ اپنے امپائر سے مل کر الیکشن لڑنا چاہتی ہے، امپائر نون لیگ کے ہیں مگر این اے 122 سے الیکشن ہم ہی جیتیں گے۔ لاہور ایئرپورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کا کام غلطیوں کی نشاندہی کرنا ہے اور میرا سوال ہے کہ جب 53 ہزار غلطیاں ہوئیں تو کون پکڑا گیا۔ عمران خان نے کہا کہ کوئی بھی اس لئے نہیں پکڑا گیا کہ سب نے مل کر دھاندلی کی ہے، جو پیسہ لگا کر دو نمبر طریقے سے اسمبلی میں آتے ہیں وہ پیسہ بنانے ہی آتے ہیں۔ چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ فوج اور رینجرز کی تعیناتی پر چیف الیکشن کمشنر کا شکریہ ادا کرتا ہوں، ہم نے یہ مطالبہ صرف اس لئے کیا تھا نون لیگ والوں کو دھاندلی کا موقع نہ مل سکے، ہم اپنے طور پر دھاندلی کا راستہ روکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے الیکشن میں نگران حکومت،الیکشن کمیشن اور نون لیگ ملے ہوئے تھے اور اسی ملی بھگت کے نتیجہ میں ہی نون لیگ اقتدار کے ایوانوں میں گھس گئی۔ انہوں نے کہا کہ اس بار نون کا مقابلہ جنون کےساتھ ہے اور ہم انشاء اللہ نون لیگ کو عبرت ناک شکست دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میں لاہوریوں کو جگانے کے لئے یہاں آیا ہوں اور لاہوریوں سے یہی کہتا ہوں کہ شیر کی کھال میں گدھا چھپا ہوا ہے، اس پر اعتماد نہ کریں، حقیقی تبدیلی کے لئے تحریک انصاف کو ہی ووٹ دیں۔
خبر کا کوڈ : 488346
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش