QR CodeQR Code

پشاور، ضلعی حکومت کا بجٹ منظور، اپوزیشن کا شدید احتجاج

2 Oct 2015 17:02

اسلام ٹائمز: بجٹ میں ترقیاتی منصوبوں کیلئے 38 کروڑ 10 لاکھ روپے سے زیادہ مختص کیے گئے ہیں، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کیلئے 20 کروڑ 95 لاکھ روپے، تعلیم کیلئے 5 ارب 45 کروڑ 87 لاکھ رکھنے کی تجویز دی گئی، جبکہ لوکل گورنمنٹ کیلئے 14 کروڑ 45 لاکھ روپے سے زیادہ مختص کرنیکی تجویزکی گئی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ خیبر پختونخوا کے صوبائی دارالحکومت پشاور کی ضلعی حکومت کا 7 ارب 36 کروڑ 94 لاکھ روپے سے زیادہ مالیت کا بجٹ منظور ہو گیا ہے۔ پشاور کے پہلے بجٹ کے موقع پر اپوزیشن ارکان نے شدید احتجاج کیا اور حکومت کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے اجلاس کا بائیکاٹ کردیا۔ اپوزیشن ارکان کے بائیکاٹ کے بعد بجٹ اجلاس کچھ دیر کیلئے موخر ہو گیا، بعد ازاں ضلع ناظم محمد عاصم خان اپوزیشن ارکان کو منا کر واپس اجلاس میں لے آئے، جہاں کثرتِ رائے سے بجٹ منظور کر لیا گیا۔ اجلاس میں پاکستان تحریکِ انصاف کے 80 اور اپوزیشن کے 45 ارکان موجود تھے۔ بجٹ میں ترقیاتی منصوبوں کیلئے 38 کروڑ 10 لاکھ روپے سے زیادہ مختص کیے گئے ہیں۔ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کیلئے 20 کروڑ 95 لاکھ روپے سے زیادہ، تعلیم کیلئے 5 ارب 45 کروڑ 87 لاکھ 21 ہزار 700 روپے رکھنے کی تجویز دی گئی ہے، جبکہ لوکل گورنمنٹ کیلئے 14 کروڑ 45 لاکھ روپے سے زیادہ مختص کرنیکی تجویز دی گئی ہے۔ بجٹ اجلاس میں اپوزیشن کے کونسلروں نے غیر ترقیاتی بجٹ کی کاپیاں پھاڑ کر ہوا میں اچھال دیں اور بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھ لیں۔ اس دوران اپوزیشن کونسلرز نے شدید احتجاج کیا اور بجٹ نامنظور کے نعرے لگاتے ہوئے بجٹ اجلاس کا بائیکاٹ کردیا۔ اپوزیشن کونسلرز کا کہنا تھا کہ بجٹ کی تیاری میں ہمیں نظرانداز کیا گیا ہے۔ بجٹ وزارتِ خزانہ نے بنا کر بھیجا ہے، جس کی تیاری میں کونسلروں سے کوئی مشاورت نہیں کی گئی۔


خبر کا کوڈ: 488615

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/488615/پشاور-ضلعی-حکومت-کا-بجٹ-منظور-اپوزیشن-شدید-احتجاج

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org