0
Sunday 4 Oct 2015 22:27

این اے 122 کا ضمنی الیکشن، جماعت اسلامی نے تحریک انصاف کی قیادت کو ٹالنے میں کامیاب

این اے 122 کا ضمنی الیکشن، جماعت اسلامی نے تحریک انصاف کی قیادت کو ٹالنے میں کامیاب
اسلام ٹائمز۔ لاہور کے اہم ترین حلقے این اے 122 میں ضمنی انتخابات کیلئے سیاسی جوڑ توڑ اپنے عروج پر ہے اور اس حوالے سے مسلم لیگ (ن) اور تحریک انصاف کے رہنماؤں کی دوسری جماعتوں کی ہمدردی کے لئے ملاقاتیں کی جا رہی ہیں۔ اسی سلسلے جب آج پی ٹی آئی کا وفد منصورہ پہنچا تو امیر جماعت اسلامی نے ان سے ملاقات سے معذرت کر لی۔ ذرائع کے مطابق لاہور سے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 122 کے ضمنی انتخابات میں جماعت اسلامی کی حمایت حاصل کرنے کیلئے چودھری سرور، محمود الرشید اور علیم خان پر مشتمل وفد جماعت اسلامی کے امیر سے ملاقات کیلئے منصورہ پہنچا لیکن امیر جماعت اسلامی نے تحریک انصاف کے وفد سے ملاقات سے معذرت کر لی۔ جماعت اسلامی کے ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کا وفد بغیر وقت لئے منصورہ آیا ہے اور ان کی ملاقات کسی سے بھی پہلے سے طے شدہ نہیں تھی اسی لئے امیر جماعت نے ملاقات سے انکار کر دیا۔ بعدازاں امیر جماعت اسلامی کے معاونین نے پی ٹی آئی کے وفد کو بتایا کہ چونکہ این اے 122 میں ضمنی انتخابات لاہور کا معاملہ ہے اس لئے مقامی امیر سے رابطہ کریں۔ جس کے بعد تحریک انصاف کے وفد کی جماعت اسلامی لاہور کے امیر میاں مقصود سمیت مقامی قیادت کیساتھ مذاکرات ہوئے۔ مذاکرات 50 منٹ جاری رہے جس کے بعد جماعت اسلامی لاہور کے امیر میاں مقصود احمد نے کہا کہ وہ اپنی مرکزی قیادت سے مشاورت کے بعد ہاں یا ناں کریں گے۔ واضح رہے کہ چند روز قبل این اے 122 سے (ن) لیگ کے امیدوار سردار ایاز صادق نے ضمنی انتخابات میں جماعت اسلامی کی قیادت کے حوالے سے خوشخبری کا عندیہ دیا تھا۔

دوسری جانب امیر جماعت اسلامی سراج الحق کہہ چکے ہیں کہ ضمنی انتخابات میں ان کی جماعت نے مرکزی سطح پر کسی جماعت کی حمایت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور کسی بھی جماعت کی حمایت کا فیصلہ وہاں کی مقامی قیادت خود کرے گی۔ تاہم پی ٹی آئی کے وفد کو میاں مقصود احمد نے انتہائی مہذب انداز میں ٹال دیا ہے۔ ادھر ملاقات کے بعد چودھری سرور نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کی ملاقات مثبت رہی ہے، میاں مقصود احمد نے یقین دلایا ہے کہ انہیں مثبت جواب ملے گا اور وہ اپنی اعلیٰ قیادت سے مشاورت کے بعد ہمیں فیصلے سے آگاہ کریں گے۔ ادھر مبصرین کا کہنا ہے کہ جماعت اسلامی دونوں جماعتوں، نون لیگ اور پی ٹی آئی کے سامنے اپنی ضروریات رکھے گی جس پارٹی کی جانب سے ان کی ضروریات پوری کر دی گئیں جماعت اسی پارٹی کی حمایت کا اعلان کر دے گی۔ ذرائع کے مطابق جماعت اسلامی کا جھکاؤ نون لیگ کی جانب زیادہ ہے اور توقع ہے جماعت اسلامی ضمنی الیکشن میں نون لیگ کو ہی سپورٹ کرے گی۔
خبر کا کوڈ : 488975
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش