0
Wednesday 7 Oct 2015 09:00

چین 4 آبدوزیں کراچی میں تعمیر کرے گا

چین 4 آبدوزیں کراچی میں تعمیر کرے گا
اسلام ٹائمز۔ پاکستان کو فروخت کی جانے والی 4 آبدوزیں چین کراچی میں تعمیر کرے گا۔ یہ بات دفاعی پیداوار کے وزیر رانا تنویر حسین نے اسلام آباد میں ڈیفنس ایکسپورٹ پروموشن آرگنائزیشن (ڈی ای پی او) کے ڈسپلے سینٹر کے افتتاح کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں کو بتائی۔ ان کا کہنا تھا کہ چین سے آبدوزوں کی خریداری کے معاہدے کو حتمی شکل دے دی گئی ہے اور ان میں سے 4 آبدوزیں پاکستان میں تعمیر کی جائیں گی۔ انھوں نے کہا کہ تمام آبدوزوں کی تعمیر کا کام چین اور پاکستان میں بیک وقت شروع کیا جائے گا۔ رانا تنویر حسین نے بتایا کہ چین پاکستان کو آبدوزوں کی تعمیر کی ٹیکنالوجی بھی فراہم کرے گا۔

واضح رہے کہ پاکستان نیوی کے پاس موجود 3 میں سے ایک آگسٹا 90 بی پی این ایس حمزہ آبدوز 2008ء میں کراچی شپ یارڈ میں تعمیر کی گئی تھی۔ پاکستان نیوی کے پاس اس وقت دیگر دو آگسٹا 90 بی آبدوزوں، جن میں پی این ایس سعد اور پی این ایس خالد شامل ہیں، کے علاوہ دیگر دو آگسٹا 70 آبدوزیں بھی موجود ہیں۔

اگرچہ رانا تنویر حسین نے یہ نہیں بتایا ہے کہ چین سے خریدی جانے والے آبدوزوں کی تعمیر کا کام کب شروع کیا جائے گا تاہم ان کا کہنا تھا کہ اس کا آغاز جلد ہو جائے گا۔ اس حوالے سے کراچی میں ایک ٹریننگ سینٹر تعمیر کر دیا گیا ہے۔ دفاعی پیداور کے وزیر کی جانب سے یہ بھی نہیں بتایا گیا کہ چین سے خریدی جانے والی آبدوزیں کس کلاس کی ہیں تاہم ایک اندازے کے مطابق یہ معاہدہ یوان کلاس 041 ڈیزل-الیکٹرک آبدوزوں کے لیے کیا گیا ہے جو اے آئی پی سسٹم سے لیس ہوں گی۔ اس سے قبل پاکستان نیوی کی صلاحیت کو بڑھانے کے لیے فرانس اور جرمنی سے آبدوزیں خریدنے کے معاہدے ہونے جا رہے تھے تاہم ان معاہدوں کو عملی جامہ نہیں پہنایا جا سکا۔
خبر کا کوڈ : 489363
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش