0
Thursday 8 Oct 2015 10:48

انقلاب کا سورج طلوع ہونے کو ہے، حسن محی الدین

انقلاب کا سورج طلوع ہونے کو ہے، حسن محی الدین
اسلام ٹائمز۔ تحریک منہاج القرآن کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین نے مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے 21ویں یوم تاسیس کے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انقلاب آ کر رہے گا اور ملکی تقدیر کے فیصلے یوتھ کریگی، کرپشن زدہ بدبودار نظام کو باشعور نوجوان مزید برداشت کرنے کیلئے تیار نہیں، ایم ایس ایم کے نوجوان ڈاکٹر طاہرالقادری کے مشن کے ہراول دستہ اور ان کی قربانیاں تاریخ کا سنہرا باب ہیں۔ جلسہ سے ایم ایس ایم کے مرکزی صدر چودھری عرفان یوسف، نائب ناظم اعلیٰ تنویر خان، ملک سعید عالم، میاں مرتضیٰ مرتضائی، ہاشم حسین، ملک باسط، رانا تجمل، حافظ ثمر عباس نے خطاب کیا۔ جلسہ میں ایک قرارداد کے ذریعے مطالبہ کیا گیا کہ آئین کے آرٹیکل 25-A کے مطابق چاروں صوبائی حکومتیں 5 سے 16 سال کی عمر کے بچوں کو مفت اور لازمی تعلیم کا حق دیں اور تعلیم یافتہ نوجوانوں کو میرٹ پر روزگار دیا جائے۔

ڈاکٹر حسن محی الدین نے اپنے خطاب میں کہا کہ انقلاب کا سورج طلوع ہونے کو ہے، یہی نوجوان قومی مجرموں سے ایک ایک جرم کا حساب لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دھرنے کے دوران ایم ایس ایم کے نوجوانوں نے سرکس کے شیر کی آنکھوں میں آنکھیں ڈالیں تو وہ دم دبا کر بھاگ گیا، وزیراعظم خوف کے مارے وزیراعظم ہاؤس میں نہیں سوتے تھے، ایم ایس ایم کے قربانی کے جذبہ سے سرشار نوجوانوں نے انقلاب مارچ میں ثابت کیا کہ سازش، کمیشن اور کک بیکس کی کمائی سے حاصل کئے گئے اقتدار کی کوئی بنیاد نہیں ہوتی۔ ایم ایس ایم کے مرکزی صدر عرفان یوسف نے کہا کہ قائد انقلاب کا خواب ضرور شرمندہ تعبیر ہو گا، ایم ایس ایم کا 21سالہ سفر عظیم قربانیوں کی داستان سے مزین ہے۔ ایم ایس ایم کے نوجوان یکساں نظام تعلیم، طبقاتی نظام کے خاتمہ اور دولت کی غیر منصفانہ تقسیم کیخلاف شعور کو عام کر رہے ہیں، مصطفوی انقلاب کی جدوجہد جاری ہے اور جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایم ایس ایم کے نوجوان ڈاکٹر طاہرالقادری کے فروغ امن کے پیغام کو ہر گھر اور ہر طالب علم تک پہنچا رہے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 489575
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش