0
Thursday 8 Oct 2015 11:04

مصطفوی انقلاب کی جدوجہد جاری ہے اور جاری رہے گی، عرفان یوسف

مصطفوی انقلاب کی جدوجہد جاری ہے اور جاری رہے گی، عرفان یوسف
اسلام ٹائمز۔ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے اکیسویں یوم تاسیس کے موقعہ پر مرکزی سکرٹریٹ منہاج القرآن لاہور میں ایک پر وقار تقریب زیر صدارت مرکزی صدر چودھری عرفان یوسف منعقد ہوئی۔ تقریب کے مہمان خصوصی تحریک منہاج القرآن کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری تھے جبکہ تقریب میں لاہور بھر کے تعلیمی اداروں سے کثیر تعداد میں طلبا نے شرکت کی۔ ڈاکٹر حسن محی الدین نے کہا کہ انقلاب آ کر رہے گا اور ملکی تقدیر کے فیصلے یوتھ کریگی، کرپشن زدہ بدبو دار نظام کو با شعور نوجوان مزید برداشت کرنے کیلئے تیار نہیں، ایم ایس ایم کے نوجوان قائد انقلاب ڈاکٹر طاہرالقادری کے مشن کے ہر اول دستہ اور انکی قربانیاں تاریخ کا سنہرا باب ہیں۔ جلسہ سے ایم ایس ایم کے مرکزی صدر چودھری عرفان یوسف، نائب ناظم اعلیٰ تنویر خان، ملک سعید عالم، میاں مرتضیٰ مرتضائی، ہاشم حسین، ملک باسط، رانا تجمل، حافظ ثمر عباس نے بھی خطاب کیا۔ جلسہ میں ایک قرارداد کے ذریعے مطالبہ کیا گیا کہ آئین کے آرٹیکل 25-A کے مطابق چاروں صوبائی حکومتیں 5 سے 16 سال کی عمر کے بچوں کو مفت اور لازمی تعلیم کا حق دیں اور تعلیم یافتہ نوجوانوں کو میرٹ پر روزگار دیا جائے۔

مقررین کا کہنا تھا کہ انقلاب کا سورج طلوع ہونے کو ہے، یہی نوجوان قومی مجرموں سے ایک ایک جرم کا حساب لیں گے۔ انہوں نے کہاکہ دھرنے کے دوران ایم ایس ایم کے نوجوانوں نے سرکس کے شیر کی آنکھوں میں آنکھیں ڈالیں تو وہ دم دبا کر بھاگ گیا، وزیراعظم خوف کے مارے وزیراعظم ہاؤس میں نہیں سوتے تھے، ایم ایس ایم کے قربانی کے جذبہ سے سرشار نوجوانوں نے انقلاب مارچ میں ثابت کیا کہ سازش، کمیشن اور کک بیکس کی کمائی سے حاصل کئے گئے اقتدار کی کوئی بنیاد نہیں ہوتی۔ ایم ایس ایم کے مرکزی صدر عرفان یوسف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قائد انقلاب کا خواب ضرور شرمندہ تعبیر ہو گا، ایم ایس ایم کا 21سالہ سفر عظیم قربانیوں کی داستان سے مزین ہے، ایم ایس ایم کے نوجوان یکساں نظام تعلیم، طبقاتی نظام کے خاتمہ اور دولت کی غیر منصفانہ تقسیم کیخلاف شعور کو عام کر رہے ہیں، مصطفوی انقلاب کی جدوجہد جاری ہے اور جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایم ایس ایم کے نوجوان قائد محترم ڈاکٹر طاہرالقادری کے فروغ امن کے پیغام کو ہر گھر اور ہر طالب علم تک پہنچا رہے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 489580
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش