0
Thursday 8 Oct 2015 20:12

الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کے سربراہ کے جرائم پر پردہ ڈالا، پرویز رشید

تحریک انصاف کو ملک دشمن، یہودی اور ہندو لابی سے فنڈنگ ہوئی
الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کے سربراہ کے جرائم پر پردہ ڈالا، پرویز رشید
اسلام ٹائمز۔ وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید نے عمران خان کو ملک دشمن، غدار اور دشمنوں کا آلہ کار قرار دے دیا۔ پرویز رشید نے الزام عائد کیا ہے کہ چیئرمین تحریک انصاف نے پاکستان میں عدم استحکام اور جمہوری حکومت کو گرانے کیلئے یہودیوں، ہندوں اور سکھوں بھاری رقم حاصل کی۔ اسلام آباد میں دانیال عزیز کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے پرویز رشید نے امریکی محکمہ انصاف کی دستاویز پیش کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کے بانی اکبر ایس بابر کی الیکشن کمیشن میں دائر پٹیشن کے مطابق تحریک انصاف نے یہودی، ہندو اور سکھ کمپنیوں سے بھاری رقوم لی ہیں۔ پرویز رشید نے الزام عائد کیا کہ بیرونی ایجنڈے کے تحت جمہوری حکومت کو گرانے اور ملک میں افراتفری پیدا کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی۔
 
پرویز رشید نے کہا کہ اکبر ایس احمد کی پیٹیشن 13 ماہ سے الیکشن کمیشن کے پاس پڑی ہے جس میں تحریک انصاف کی طرف سے ملک دشمن قوتوں سے بھاری چندہ لینے کے ثبوت دیئے گئے ہیں۔ اس موقع پر وزیر اطلاعات وزیراعظم کے ٹیکس معاملات سے متعلق سوال پر بھڑک گئے اور صحافی پر الزام عائد کر دیا کہ انکے منہ میں عمران خان کا سوال ہے۔ پرویز رشید نے چیئرمین تحریک انصاف پر ملک دشمن اور غدار ہونے کے الزامات تو عائد کر دیئے تاہم وہ ان الزامات کے ثبوت فراہم کرنے کے دعوے کے باوجود عمران خان کے خلاف کسی قسم کی کارروائی کرنے یا اکبر ایس احمد کی پیٹیشن پر فریق بننے سے انکاری رہے اور اسکی وجہ بھی کوئی نہیں بتائی۔

دیگر ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے تحریک انصاف کو غیر ملکی فنڈنگ کے ثبوت پیش کر دیئے۔ ان کا کہنا تھا تحریک انصاف کو ملک دشمنوں، یہودی اور ہندو لابی سے فنڈنگ ہوئی۔ عمران پاکستان کے دشمنوں کے آلہ کار نہیں تو صبح مجھے عدالت لیکر جائیں۔ عمران نے پاکستان کی جمہوریت کا تختہ الٹنے کے لیے پیسے استعمال کیے۔ پی ٹی آئی کے رہنما اکبر بابر ایس نے الیکشن کمیشن میں پارٹی فنڈز کے حوالے سے درخواست دی تھی جس میں بتایا گیا کہ امریکا میں اکٹھے کیے گئے چندے کو سول نافرمانی چلانے کے لیے استعمال کیا گیا۔ پارلیمنٹ پر حملہ اور چین کے صدر کے دورے کو منسوخ کرانے کرنے کے لیے اس چندے کو استعمال کیا گیا۔ پولٹیکل پارٹیز ایکٹ کے تحت ایسا پیسے کو سیاست میں استعمال کرنے کی اجازت نہیں۔ عمران خان حلفیہ بیان دیں انہوں نے بیرونی فنڈنگ نہیں لی۔ الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کے سربراہ کے جرائم پر پردہ ڈالا۔
خبر کا کوڈ : 489655
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش