QR CodeQR Code

کالے دھن سے بیرون ملک جائیدادیں بنانے والوں کیخلاف تحقیقات شروع

9 Oct 2015 10:54

اسلام ٹائمز: قومی سلامتی کے اداروں کی جانب سے ایف آئی اے سندھ زون کو بیرون ملک جائیدادیں بنانے والے صنعتکاروں، سیاستدانوں اور اعلیٰ سرکاری افسران کی ایک طویل فہرست فراہم کی گئی تھی، جس میں کراچی، لاہور، اسلام آباد سے تعلق رکھنے والی سینکڑوں اہم شخصیات شامل ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ ایف آئی اے نے گذشتہ چند برسوں کے دوران کالے دھن کے ذریعے بیرون ملک جائیدادیں بنانیوالے سیکڑوں صنعتکاروں، سیاستدانوں اور اعلیٰ سرکاری افسران کے خلاف باقاعدہ تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے سندھ زون کو قومی سلامتی کے اداروں کی جانب سے بیرون ملک جائیدادیں بنانے والے صنعتکاروں، سیاستدانوں اور اعلیٰ سرکاری افسران کی ایک طویل فہرست فراہم کی گئی تھی، جس میں کراچی، لاہور، اسلام آباد سے تعلق رکھنے والی سینکڑوں اہم شخصیات شامل ہیں۔ مییڈیا رپورٹس کے مطابق ایف آئی اے کو اس سلسلے میں جامع معلومات فراہم کی گئی ہیں، جن میں بیرون ملک جائیدادوں کی خریداری کرنے والے صنعتکار، سیاستدان یا اعلی سرکاری افسر کا نام، خریدی جانے والی جائیداد کا پوسٹل ایڈریس، خریداری کی تاریخ اور جائیدادکی مالیت شامل ہے۔

ایف آئی اے حکام کو ذمہ داری تفویض کی گئی تھی کہ وہ اس سلسلے میں تحقیقات کریں، اور یہ پتہ چلائیں کہ متعلقہ افراد اپنی جائز آمدنی سے بیرون ملک جائیداد خریدنے کے اہل تھے یا نہیں، اور جائیداد کی خریداری کیلئے منتقل کیا جانے والا خطیر زرمبادلہ قانونی طریقے سے بیرون ملک منتقل کیا گیا، یا اس کیلئے حوالہ اور ہنڈی یا دیگر غیر قانونی ذرائع کا استعمال کیا گیا۔ ڈائریکٹر ایف آئی اے سندھ شاہد حیات کی ہدایت پر اس معاملے کی حساسیت کے پیش نظر ایف آئی اے کے سینئر اور انتہائی قابل تفتیشی افسران نے بڑے پیمانے پر تحیقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ تفتیشی افسران کو ابتدائی کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں، اور 2 صنعتکاروں کی جانب سے متحدہ عرب امارات میں جائیداد کی خریداری کیلئے خطیر رقوم حوالہ اور ہنڈی کے ذریعے بیرون ملک منتقل کئے جانے کے ناقابل تردید ثبوت حاصل کر لئے ہیں۔ مذکورہ 2 صنعتکاروں کے خلاف قانونی کارروائی اگلے مراحل میں داخل ہو گئی ہے، جبکہ فہرست کے مطابق دیگر افراد کے بینک اکاؤنٹس اور دیگر ریکارڈ کے ذریعے تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے۔

ملک کی سینکڑوں اہم شخصیات پر مشتمل فہرست میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے متعدد اعلیٰ افسران بھی شامل ہیں۔ عمومی طور پر سیاستدان اور اعلیٰ سرکاری افسران کالے دھن سے خریدی جانے والی جائیدادیں اپنے نام پر خریدنے سے گریز کرتے ہیں، جبکہ صنعتکار اور کاروباری حضرات اس سلسلے میں زیادہ احتیاط کا مظاہرہ نہیں کرتے، اکثر اوقات بزنس مین اپنے قریبی سیاستدانوں اور اعلیٰ سرکاری افسران کیلئے جائیداد کی خریداری اپنے نام پر کرتے ہیں۔ تفتیشی حکام اس پہلو پر بھی تحقیقات کر رہے ہیں کہ صنعتکاروں کی جانب سے خریدی جانے والی جائیدادیں ان کی اپنی ہیں، یا ان کا اصل مالک ان کا قریبی سیاستدان یا اعلیٰ سرکاری افسر ہے۔


خبر کا کوڈ: 489745

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/489745/کالے-دھن-سے-بیرون-ملک-جائیدادیں-بنانے-والوں-کیخلاف-تحقیقات-شروع

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org