QR CodeQR Code

بھارت کو عالمی طاقت بننا ہے تو مسلمانوں کے دل جیتنے ہونگے، مفتی سعید

10 Oct 2015 14:39

اسلام ٹائمز: کشمیریوں کی جانب سے محمد علی جناح کے دو قومی نظریہ کو مسترد کئے جانے کا دعویٰ کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر کے وزیراعلیٰ نے کہا ”1947ء سے پہلے جب قائد اعظم محمد علی جناح یہاں آئے تو یہاں پوری جموں و کشمیر کی قوم کھڑی ہوگئی اور انہیں واضح الفاظ میں کہہ دیا کہ ہمارا راستہ مختلف ہے“۔


اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر مذہبی یگانگت اور بھائی چارے کیلئے مشعل راہ قرار دیتے ہوئے مقبوضہ کشمیر کے وزیراعلیٰ مفتی محمد سعید نے واضح کیا کشمیریوں نے سیکولر ہندوستان کے ساتھ اپنی تقدیر وابستہ کرکے علی محمد جناح کے دو قومی نظریہ کو مسترد کردیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر بھارت ایک عالمی طاقت بننا چاہتا ہے تو اس کو اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کے دل و دماغ جیتنے ہوں گے کیونکہ 17 کروڑ کی آبادی ہونے کے باوجود مسلمانوں نے اپنی ڈیڑھ اینٹ کی الگ مسجد بنانے کی برعکس سیکولر ازم کا ساتھ دیا اور سیکولر قوتوں کی حمایت کی۔ قانون ساز اسمبلی میں وقفہ صفر کے دوران سابق ریاستی وزیراعلیٰ عمر عبداللہ کی جانب ریاست میں انتہائی پسندی کی مذمت اور مذہبی بھائی چارے و اخوت کو فروغ دینے سے متعلق پیش کی گئی قرارداد کی تائید کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا ”کشمیری عوام نے 1947ء میں ہی نہیں بلکہ اس سے پہلے بھی جب پورے برصغیر میں آزادی کی جنگ لڑی جارہی تھی تو اس جنگ کے لڑتے لڑتے ریاستی عوام نے شیخ محمد عبداللہ کی قیادت میں اپنا لائحہ عمل مختلف بنایا حالانکہ محمد علی جناح کی کافی مقبولیت تھی لیکن یہاں کی نیشنل کانفرنس قیادت نے اپنا الگ نظریہ پیش کیا۔

مفتی محمد سعید نے کہا ”1938ء میں سوپور کانفرنس میں جموں و کشمر نیشنل کانفرنس کو مسلم کانفرنس میں تبدیل کرنا صرف تبدیلی کا سوال نہ تھا بلکہ ایک الگ ویژن تھا جس کے تحت یہاں کی ملی جلی تہذیب کو اجاگر کیا گیا“۔ کشمیریوں کی جانب سے محمد علی جناح کے دو قومی نظریہ کو مسترد کئے جانے کا دعویٰ کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا ”1947ء سے پہلے جب قائد اعظم محمد علی جناح یہاں آئے تو یہاں پوری جموں و کشمیر کی قوم کھڑی ہوگئی اور انہیں واضح الفاظ میں کہہ دیا کہ ہمارا راستہ مختلف ہے“۔ مفتی سعید نے کہا ”لوگو ں کو مہاتما گاندھی کے وہ الفاظ یاد دلائے جب انہوں نے کشمیر میں اُمید کی کرن تب دیکھی جب پورا ملک 1947ء کے بٹوارے کے بعد مذہبی منافرت کی آگ میں جل رہا تھا“۔ انہوں نے کہا ”اگر اُس وقت ہندوستان کے سیکولرازم کو کسی نے تحفظ فراہم کیا تو وہ جموں و کشمیر کے عوام تھے“۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر نے ہندوستان کو سیکولرازم کی جو مشعل اس وقت دکھائی تھے، آج ہم اُس سے پرے ہیں۔ مفتی محمد سعید نے بھارت کی سابق وزیراعظم اندرا گاندھی کو شیخ محمد عبداللہ کو واپس اقتدار میں لانے کیلئے سراہا جس سے ریاست کے سیاسی ماحول میں تبدیلی آئی۔


خبر کا کوڈ: 489894

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/489894/بھارت-کو-عالمی-طاقت-بننا-ہے-مسلمانوں-کے-دل-جیتنے-ہونگے-مفتی-سعید

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org