QR CodeQR Code

قوم کو ابھی تک یقین نہیں آ رہا کہ بلدیاتی انتخابات ہونگے بھی یا ایک بار پھر ملتوی کر دیئے جائیں گے، میاں اسلم

12 Oct 2015 16:35

اسلام ٹائمز: ملتان میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر نے کہا کہ ملتان سمیت پورے پنجاب اور سندھ میں جماعت اسلامی بلدیاتی انتخابات میں حصہ لے رہی ہے جماعت اسلامی نے صاف ستھری باصلاحیت قیادت کو میدان میں اُتارا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان میاں محمد اسلم نے کہا ہے کہ انتخابات پیسہ کا کھیل بن گیا ہے۔ بلدیاتی اُمیدواران الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کی دھجیاں اُڑا رہے ہیں۔ الیکشن کمیشن کا عملہ چپ سادھے بیٹھا ہے اُمیدواروں کے بڑے بڑے ہورڈنگ بورڈز، پینا فلیکسز الیکشن کمیشن کا منہ چڑا رہے ہیں قوم کو ابھی تک یقین نہیں آ رہا کہ بلدیاتی انتخابات ہونگے بھی یا ایک بار پھر ملتوی کر دیئے جائیں گے جس کی وجہ پنجاب حکومت کا غیر سنجیدہ رویہ ہے۔ جماعت اسلامی نے اُمیدواروں کے فیصلے اور ایڈجسٹمنٹ کا اختیار ضلعی جماعت کو دیا ہے۔ لاہور میں پی ٹی آئی کی حمایت کا فیصلہ وہاں کی مقامی جماعت کا ہے جس پارٹی کا چیئرمین ہوگا نشان اُسی پارٹی کا ہوگا۔ ملتان سمیت پورے پنجاب اور سندھ میں جماعت اسلامی بلدیاتی انتخابات میں حصہ لے رہی ہے۔ جماعت اسلامی نے صاف ستھری باصلاحیت قیادت کو میدان میں اُتارا ہے۔ عوام جماعت اسلامی کے نامزد کردہ اُمیدواران کو کامیاب کروا کر ملک سے بدعنوانی، اقرباء پروری، لوٹ مار کا راستہ روکیں گے۔ ان خیالات کا اظہار میاں محمد اسلم نے دفتر جماعت اسلامی ''دارالسلام '' میں جائزہ اجلاس سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں صوبائی نائب امیر چودھری عزیر لطیف، صوبائی ڈپٹی سیکرٹری جنرل رائو ظفر اقبال، شیخ محمد فاروق، ضلعی امیر میاں آصف اخوانی ضلعی، نائب اُمراء ڈاکٹر اشرف علی عتیق، خواجہ عبیدالرحمن، ڈاکٹر شبیر حسن بخاری، چودھری اطہر عزیز، ضلعی سیکرٹری جنرل خواجہ اورنگزیب شہزاد، میاں منیر بودلہ، کنور محمد صدیق، حسان اخوانی، عاقل قریشی نے شرکت کی۔ اجلاس میں سیاسی صورتحال اور بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں اور اُمیدواروں کا جائزہ لیا گیا اور ضروری ہدایات دی گئیں۔ اجلاس میں طے کیا گیا 16 اکتوبر کو بلدیاتی کنونشن ہوگا امیر جماعت اسلامی میاں آصف اخوانی نے ملتان میں جماعت اسلامی کے بلدیاتی اُمیداواروں کے حوالے سے بریفنگ دی۔


خبر کا کوڈ: 490576

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/490576/قوم-کو-ابھی-تک-یقین-نہیں-آ-رہا-کہ-بلدیاتی-انتخابات-ہونگے-بھی-یا-ایک-بار-پھر-ملتوی-کر-دیئے-جائیں-گے-میاں-اسلم

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org