0
Tuesday 13 Oct 2015 22:57

مقررین پیار و محبت سے فکر امام حسین (ع) کو اجاگر کریں، علامہ رمضان توقیر

مقررین پیار و محبت سے فکر امام حسین (ع) کو اجاگر کریں، علامہ رمضان توقیر
اسلام ٹائمز۔ شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکز ی نائب صدر علامہ محمد رمضان توقیر نے پشاور میں عظمت شہداء و استقبال محرم الحرام کانفرنس میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اب دشمن واضح ہو چکا ہے، وہ شیعہ و سنی کی مساجد و امام بارگاہوں، پولیس، فوج، شہریوں اور بچوں کو بھی معاف نہیں کرتا۔ ایام محرم میں دشمن کوشش کرتا ہے کہ وہ مجرمانہ کارروائیوں میں تیزی لائے۔ جس سے شہری ابتر صورت حال کی وجہ سے خوف و ہراس کا شکار ہوں۔ مومنین کو چاہیے کہ اہسے حالات میں اپنے جذبات پہ قابو رکھیں، ہم مومنین کے جذبات کی قدر کرتے ہیں اور مومنین کو چاہیے کہ وہ بزرگوں کی پالیسیوں کا انتظار کریں۔ انہوں نے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ پاکستان میں شیعہ سنی کا کوئی مسئلہ نہیں، بلکہ چند شرپسند عناصر ملک کی تباہی اور بربادی پر تلے ہوئے ہیں، جو شیعہ، سنی، پولیس، پاک فوج، بچوں اور عورتوں کو بھی نشانہ بناتے ہیں۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ محمد رمضان توقیر کا کہنا تھا کہ محرم اتحاد اور وحدت کا درس دیتا ہے۔ ذکر امام حسین (ع) پیار اور محبت کا نام ہے۔ مقررین عوام کو پیار و محبت سے درس کربلا اور فکر حسین (ع) کو اجاگر کریں۔ ایسی تقریر اور گفتگو سے اجتناب کریں، جو نفرت اور تفریق کا باعث بنے۔ اہلبیت (ع) اور صحابہ کرام مسلمانوں کی مشترکہ میراث ہیں۔ رہبر معظم سید علی خامنہ ای کے فتوی کے مطابق صحابہ کرام اور ازواج مطہرات کی توہین اور بے حرمتی کرنا حرام ہے۔ متولیان کو چاہیے کہ ایسے افراد کو ممبر حسینی پر نہ آنے دیں، جو انتشار اور تفریق کا باعث بنیں، اور مسلمانوں کے درمیان نفرت پھیلائیں۔ انہوں نے کہا کہ اب جبکہ ضرب عضب میں پاک آرمی مسلسل کامیابیاں حاصل کر رہی ہے۔ ہم ضرب عضب کی حمایت کرتے ہیں اور پاک آرمی کی خدمات کی قدر کرتے ہیں۔ ایسے حالات میں انتظامیہ سے تعاون اور بھائی چارے کی فضا کو قائم کرنا نہایت ضروری ہے۔ انہوں نے آخر میں کہا کہ عزاداری میں بے جا رکاوٹیں ڈال کر اشتعال پیدا کرنے سے اجتناب کیا جائے۔ ایام عزا کو بھر پور انداز میں عقیدت کے ساتھ منایا جائے۔
خبر کا کوڈ : 490903
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش