0
Thursday 15 Oct 2015 11:39

مفتی سعید نے آر ایس ایس کے سامنے گھٹنے ٹیک دیئے ہیں، دختران ملت

مفتی سعید نے آر ایس ایس کے سامنے گھٹنے ٹیک دیئے ہیں، دختران ملت
اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمِر دختران ملت نے پولس اور قابض فورسز کی جانب سے وادی بھر میں ظلم و زیادتیوں کا نیا دور شروع کرنے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ادھر اس دوران تحریک حریت جنرل سیکریٹری محمد اشرف صحرائی، صدرِ ضلع سرینگر و گاندربل راجہ معراج الدین کلوال، محمد یوسف مجاہد، ڈاکٹر غلام محمد گنائی محمد خالد پر مشتمل تحریک حریت کا اعلیٰ سطحی وفد آج ایس ایچ ایم ایس اسپتال گیا اور حال ہی میں پائین شہر میں زخمی ہوئے عامر بلال کی ایمرجنسی سرجکل وارڈ میں عیادت کی۔ دختران ملت نے کہا کہ وزیر اعلیٰ مفتی سعید آر ایس ایس کی خوشنودی کے لئے ان کی ہاں میں ہاں ملا رہے ہیں۔ پارٹی ترجمان نے پائین شہر سرینگر کے ایک 8 سالہ کمسن بچے عامر آہنگر پر راست نشانہ باندھ کر اسے اشک آور گولے سے بری طرح جھلسا دینے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس ظلم وجبر پر شرمندہ ہونے کی بجائے پولس مذکورہ کے گھر پر چھاپے مار کر متاثرہ خاندان کو پریشان کر رہی ہے حالانکہ مذکورہ بچہ ابھی تک اسپتال میں زیر علاج ہے۔

ترجمان نے کہا کہ عامر آہنگر کا بازو ٹوٹ گیا بلکہ اسکا معصوم چہرہ بھی بری طرح جھلس گیا اور وہ ابھی اسپتال میں زیر علاج ہے۔ ترجمان نے کہا کہ دختران ملت کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے اسپتال جاکر عامر کی خبر گیری کی جہاں معصوم کو اس طرح کی دردناک حالت میں پایا گیا کہ کسی بھی درد دل رکھنے والے شخص کا کلیجہ منھ کو آجائے۔ ترجمان نے کہا کہ ایک طرف متاثرہ خاندان پر اس معصوم بچے کے بری طرح جھلس جانے سے غم کا پہاڑ ٹوٹ پڑا ہے تو دوسری جانب انکے یہاں پے در پے چھاپے مارے جارہے ہیں جیسے کہ وہ آٹھ سال کا بچہ نہ ہو بلکہ ایک خطرناک اور مفرور مجرم ہو۔ ترجمان نے مزید کہا کہ ”مفتی نظریاتی جنگ لڑنے کا دعویٰ کرتے پھر رہے تھے لیکن اپنے مخالفین کو نظریات ظاہر کرنے کا موقعہ دئے بغیر ہی وہ بری طرح ہار کر اس قدر کمزور ثابت ہوئے ہیں کہ ہندوتوا طاقتیں انہیں اپنے اشاروں پر نچا رہی ہے اوران کے سامنے گھٹنے ٹیک دئے ہیں“۔ دختران ملت نے یہ بات دہرائی ہے کہ کشمیری قوم کو اپنے حالات بدلنے، بھارتی قبضے کو ختم کرکے جموں کشمیر کی آزادی اور پھر پاکستان کے ساتھ انضمام کے لئے ایک منظم اور مضبوط مزاحمتی تحریک چلانا ہوگی۔
خبر کا کوڈ : 491274
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش